بدھ, اکتوبر 23, 2024
اشتہار

پنجاب کے عوام کی خدمت اللہ نے میرے نصیب میں لکھی ہے، مریم نواز

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ صوبے کے عوام کی خدمت اللہ نے میرے نصیب میں لکھی ہے، صاف ستھرا پنجاب کا وژن پورے سال جاری رکھنا چاہیے۔

مریم نواز نے تقریب سے خطاب میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر صفائی کے عملے کی خدمات کا اعتراف کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہری کے ساتھ ساتھ پہلی بار دیہاتی علاقوں میں بھی صفائی ہوئی، پنجاب کو چمکتا دمکتا رہنا چاہیے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس سے پہلے کسی صوبے میں ویسٹ منیجمنٹ کا نظام نہیں تھا، اسی جذبے سے روز کام کریں ہمارا گھر ہے اس کو صاف رکھیں، اب ہر ضلع میں ویسٹ منیجمنٹ کا نظام لا رہے ہیں۔

- Advertisement -

دو روز قبل مریم نواز نے عیدالاضحیٰ پر 48 گھنٹے مسلسل صفائی ستھرائی اور آلائشیں اٹھانے کا نیا ریکارڈ قائم کرنے پر وزیر بلدیات اور سیکریٹری وزارت بلدیات کو شاباشی دی تھی۔

یہی نہیں بلکہ وزیر اعلیٰ نے عیدالاضحیٰ پر صفائی اور عوام کی مثالی خدمت پر افسران و عملے کو انعام دینے کا اعلان کیا تھا۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ عید کے تیسرے دن صوبے میں صفائی کا یہی معیار برقرار رکھیں۔

مریم نواز کی حکومت کے 100 دن مکمل

گزشتہ ہفتے انسٹیٹیوٹ فار پبلک اوپینین ریسرچ کی جانب سے حکومتِ پنجاب کی کارکردگی جانچنے کیلیے سروے کیا گیا تھا جس کی رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ عوام کی اکثریت نے کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔

سروے رپورٹ کے مطابق 55 فیصد عوام نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا جبکہ 60 فیصد لوگوں کا ماننا ہے کہ مریم نواز کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے۔

اس میں مزید کہا گیا تھا کہ 53 فیصد کا کہنا ہے کہ حکومتِ پنجاب کے اقدامات سے اجناس کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے جبکہ 42 فیصد عوام نے روٹی کی قیمت میں کمی کو مریم نواز حکومت کی جانب سے سب سے پسندیدہ اقدام قرار دیا ہے۔

سروے میں 19 فیصد عوام کا کہنا تھا کہ حالات میں بہتری کیلیے حکومت وقت دیا جائے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں