فیصل آباد : لیپ ٹاپ پھٹنے سے گھر میں آتشزدگی سے جاں بحق افراد کی تعداد 7 ہوگئی، واقعے میں 9 افراد جھلس گئے تھے۔
تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے علاقے شریف پورہ میں لیپ ٹاپ پھٹنے سے گھر میں آگ لگنے سے جھلسنے والے مزید 3 افراد دم توڑ گئے۔
حادثے میں ایک ہی خاندان کے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 7 ہو گئی ہے، ہفتہ کے روز جاں بحق ہونے والوں میں راشدہ ، دیور مکی رضا اور آٹھ سالہ آریان شامل ہیں، راشدہ ساٹھ فیصد اور مکی رضا اٹھاون فیصد جھلس گئے تھے۔
کمسن آریان گزشتہ روز وفات پانے والی نرگس کا بیٹا تھا، اس وقت آریان کی چار سالہ بہن سمیت دو زخمی الائیڈ اسپتال میں زیرعلاج ہیں
یاد رہے 18 جون کو رہائشی محمداحمد کے گھر میں اسپارکنگ کی وجہ سے لیپ ٹاپ پھٹنے سے لگنے والی آگ مبینہ طور پر اے سی کی گیس لیکج کے باعث کمرے میں پھیل گئی تھی۔
جس کے نتیجے میں وہاں سوئے چار بچوں سمیت نو افراد جھلس کر زخمی ہوگئے تھے، متاثرین کوالائیڈ اسپتال کے برن وارڈ منتقل کیا گیا تھا۔
جہاں چھ سال کی بیٹی دعا فاطمہ اورنو سال کا بیٹا طہٰ جاں بحق ہوگئے تھے، بعد ازاں محمد احمد کی بیوی 32 سالہ نرگس اور تین سالہ بیٹا ابراہیم بھی انتقال کرگیا تھا جبکہ دو خواتین کی حالت تشویشناک بتائی گئی تھی، ان کے جسم ساٹھ فیصد جھلس چکے تھے۔