اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر کا کہنا ہے کہ حکومت سے اتحادی سنبھالے نہیں جا رہے، یہ حکومت زیادہ عرصہ چلتی دکھائی نہیں دے رہی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نےبجٹ میں ظلم کیاہے ان کے ایم این ایز بجٹ کے حق میں بولنا نہیں چاہتے۔
حکومت اور پی پی کے درمیان معاملات پر رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ حکومت اورپیپلزپارٹی کاآپس میں ڈرامہ لگاہواہے، ان سےاتحادی سنبھالے نہیں جارہے، یہ حکومت زیادہ عرصہ چلتی دکھائی نہیں دے رہی۔
سی پیک سے متعلق انھوں نے کہا کہ سی پیک قومی منصوبہ ہے،کسی پارٹی کانہیں، فارن پالیسی کسی پارٹی کی نہیں، قوم کی ہوتی ہے۔
یاد رہے گذشتہ ماہ سابق اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ ہمارے تحفظات کو حکومت تسلیم ہی نہیں کرتی تو مذاکرات کیسے ہو سکتے ہیں؟
انھوں نے کہا تھا کہ ہم سیاسی انتقام کا نشانہ بنے حکومت پہلے ہماری شکایات دور کرے، ایک طرف کہتے ہیں کہ بات کریں جبکہ دوسری طرف گرفتاریاں اور مقدمات بنائے جاتے ہیں، مسلم لیگ (ن) کی مذاکرات کی پیشکش صرف ٹاک شوز اور عوام کو دکھانے کیلیے ہے عملی طور پر نہیں۔