ہفتہ, ستمبر 28, 2024
اشتہار

میونسپل ٹیکس کے لیے بلدیہ عظمیٰ اور کے الیکٹرک میں معاہدہ

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: میئر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ میونسپل یوٹیلیٹی چارجز اور ٹیکس وصولی سے متعلق قرارمنظور ہوگئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق میئر کراچی نے بتایا کہ سٹی کونسل اجلاس میں میونسپل یوٹیلیٹی چارجز و ٹیکس وصولی سے متعلق قرارداد منظور کی گئی، بلدیہ عظمیٰ اور کے الیکٹرک کے درمیان اجلاس میں بنیادی معاہدہ طے پاگیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ 100 یونٹ بجلی استعمال کرنے والا اس ٹیکس سے مستثنیٰ ہوگا، آمدن کو شفاف طریقے سے شہر کی فلاح و بہبود اور ترقی کے مد میں خرچ کیا جائیگا۔

- Advertisement -

میئر کراچی مرتضی وہاب کا اس حوالے سے مزید کہنا تھا کہ اس مد میں ہونے والی تمام آمدن و اخراجات کی خود نگرانی کروں گا۔

اس سے قبل میئرکراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا تھا کہ کےالیکٹرک بلوں میں میونسپل ٹیکس کی وصولی سے متعلق قرارداد منظور ہوئی ہے پچھلے ادوار میں فائلیں پھینک کر لوگ کہتے تھے ہمارے پاس اختیارات نہیں.

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اس معاملے کو ایشو بنا کر عدالت لے کر گئی تھی عدالت کا شکرگزار ہوں انھوں نے تسلیم کیا ٹیکس لگانا کونسل کا اختیار ہے۔

انھوں نے کہا کہ اس ٹیکس سے 4 ارب روپے ماہانہ جمع ہوں گے، 100 یونٹ والوں سے ٹیکس نہیں لیا جائے گا جب کہ 100 سے 200 یونٹ والوں سے 20 روپے اور 200 سے 300 والوں سے 40 روپےٹیکس لیا جائے گا۔

خیال رہے کہ مئیر کراچی مرتضی وہاب نے الیکٹرک بلوں کے ذریعے میونسپل ٹیکس پر حکم امتناعی ختم کرنے کے لیے سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

سندھ ہائی کورٹ نے کے الیکٹرک بلوں کے ذریعے میونسپل ٹیکس پر حکم امتناعی جاری کیا تھا اور بجلی بلوں کے ذریعے شہریوں سے میونسپل چارجز وصول کرنے سے روک دیا تھا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں