آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کی چاروں سیمی فائنلسٹ ٹیموں کے فیصلے کے ساتھ ہی سپر ایٹ مرحلے کا اختتام ہوگیا۔ سیمی فائنل جمعرات 27 جون کو کھیلے جائیں گے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے کے آخری میچ میں افغانستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد بنگلہ دیش کو 8 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ اس طرح ناک آؤٹ فائنل فور مرحلے کی چاروں ٹیموں کا فیصلہ ہوگیا۔
گروپ ون سے بھارت اور افغانستان اور گروپ ٹو سے جنوبی افریقہ اور انگلینڈ کی ٹیمیں ناک آؤٹ مرحلہ کھیلیں گی۔
گروپ ٹو سے پہلے ہی جنوبی افریقہ اور انگلینڈ سیمی فائنل میں پہنچ چکے تھے جب کہ سابق عالمی چیمپئن ویسٹ انڈیز اور میگا ایونٹ کے پہلے اسٹیج میں ناقابل فراموش کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی میزبان امریکا کی ٹیمیں ورلڈ کپ سے باہر ہو گئی تھیں۔
تاہم گروپ ون میں آسٹریلیا کی پہلے افغانستان اور گزشتہ روز بھارت سے پے در پے شکستوں کے بعد سیمی فائنل کے لیے دوسری ٹیم کا انحصار افغانستان اور بنگلہ دیش کے میچ کے نتیجے پر تھا۔
اگر یہ میچ معمولی مارجن سے افغانستان ہار جاتا تو آسٹریلیا اور افغانستان کے پوائنٹ برابر چار، چار ہوجاتے مگر رن ریٹ کے معمولی فرق سے کینگروز اگلے مرحلے میں پہنچ جاتے۔
تاہم اگر بنگلہ دیش 116 رنز کا ہدف 13 اوورز میں حاصل کرلیتا تو اس مرحلے کا صرف یہ میچ جیت کر رن ریٹ میں آسٹریلیا اور افغانستان کو پیچھے چھوڑتا ہوا فائنل فور میں جگہ بنا لیتا، لیکن افغانستان کی سادہ فتح نے اس اگر مگر کی صورتحال کو ٹال دیا۔
گروپ ون میں بھارتی ٹیم اور گروپ ٹو میں جنوبی افریقہ ناقابل شکست ٹیمیں رہیں اور اپنے تینوں تمام میچز جیتے۔
میگا ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل ٹرینیڈاڈ کے برائن لارا اسٹیڈیم میں جنوبی افریقہ اور افغانستان کے درمیان کھیلا جائے گا جو پاکستانی وقت کے مطابق جمعرات 27 جون کو صبح ساڑھے 5 بجے شروع ہوگا۔ ناک آؤٹ مرحلے میں دونوں ٹیمیں پہلی بار مدمقابل آئیں گی۔
View this post on Instagram
باہمی مقابلوں میں جنوبی افریقہ کا پلڑا بھاری ہے تاہم چوکرز کے نام سے مشہور پروٹیز کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں ریکارڈ خراب ہے۔ یہ ٹیم اب تک میگا ایونٹ کے 2 سیمی فائنل کھیل چکی ہے اور دونوں ہی ہارے جب کہ افغانستان نے پہلی بار کسی آئی سی سی ناک آؤٹ مرحلے میں کوالیفائی کیا ہے۔
دوسرا سیمی فائنل بھی جمعرات 27 جون کو گیانا کے پراویڈنس اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جو پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے سات بجے شروع ہوگا۔
View this post on Instagram
دونوں ٹیمیں 2022 میں پہلی بار سیمی فائنل میں ٹکرائی تھیں جس میں انگلش ٹیم نے بھارت کو 10 وکٹوں سے آؤٹ کلاس کرتے ہوئے یہ میچ جیتا تھا۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں انگلینڈ کا مجموعی ریکارڈ بھی شاندار ہے جو اب تک چار ناک آؤٹ میچز کھیل چکی ہے اور صرف ایک میں شکست ہوئی تین میچز جیتے۔ دوسری جانب بھارت کا سیمی فائنل میں ریکارڈ دو، دو سے برابر ہے۔
ٹی 20 ورلڈ کپ: افغانستان نے تاریخ رقم کر دی، پہلی بار سیمی فائنل میں پہنچ گیا