بھارتی آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا کی جانب سے پاکستانی اوپنر صائم ایوب کی نقل کرتے ہوئے ’نو لک‘ شاٹ کھیلنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
بھارتی ٹیم آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں پہنچ چکی ہے، جہاں جمعرات 27 جون کو اس کا مقابلہ دفاعی چیمپئن انگلینڈ سے شیڈول ہے، اس سے قبل ہاردک پانڈیا نیٹس میں صائم ایوب کی نقل کرتے ہوئے ’نو لک‘ شاٹ کی پریکٹس کرتے پائے گئے۔
پانڈیا نے یہ ویڈیو خود اپنے انسٹاگرام پر شیئر کی ہے، جس میں وہ ’نو لک‘ پل شاٹ اور ’نو لک‘ سلاگ شاٹ کھیلتے ہوئے نظر آرہے ہیں جبکہ وہ نیٹس میں بولنگ پریکٹس کرتے بھی دکھائے دیے۔
اب تک ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں ہادرک پانڈیا کی کارکردگی کافی متاثرکن رہی ہے، انھوں نے بنگلہ دیش کے خلاف 27 بالز پر 50 اسکور کرتے ہوئے مین آف دی میچ کا ایوارڈ بھی حاصل کیا تھا۔
انھوں نے سپرایٹ مرحلے میں آسٹریلیا کے خلاف اہم مقابلے میں بھی 17 بالز پر 27 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی تھی۔
خیال رہے کہ پاکستانی اوپنر صائم ایوب نو لک شاٹ کھیلنے کے لیے شہرت رکھتے ہیں اور انھوں نے اس کا کئی بار مظاہرہ کرتے داد سمیٹی ہے۔
لیفٹ ہینڈ پاکستانی بیٹر نے ورلڈکپ سے قبل نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے ایک میچ میں بھی کافی جارحانہ بیٹنگ کی تھی اور نو لک شاٹ سے داد سمیٹی تھی۔
صائم نے پی ایس ایل 2024 کے میچ میں بھی اپنی ’نو لک‘ شاٹ کا مظاہرہ کرتے ہوئے شائقین کے دل جیتے تھے جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے مخالف بولر اس شاٹ پر کافی حیران نظر آئے تھے۔
پشاور زلمی کے اوپنر نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے بولر ٹائمل ملز کو لیگ سائیڈ پر ایک شاندار ’نو لُک‘ چھکا مارا اس دوران پیسر بھی حیرانی سے گیند کو دیکھتے رہے تھے۔
قومی ٹی ٹوئنٹی اوپنر کے اس شاٹ پر کمنٹری باکس میں موجود کمنٹیٹر بھی اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ پائے اور ان کے اس انداز اور نو لک شاٹ کی کھل کر تعریف کی تھی۔