بھارت کے کپتان روہت شرما نے کہا ہے کہ ہم سب جانتے ہیں کہ سیمی فائنل کا دباؤ ہوتا ہے مگر ہم آج کا میچ بے خوف ہو کر کھیلیں گے۔
آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کا دوسرا سیمی فائنل آج بھارت اور دفاعی چیمپئن انگلینڈ کے درمیان کھیلا جا رہا ہے۔ اس بڑے میچ سے قبل بھارتی کپتان روہت شرما نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم سب جانتے ہیں کہ سیمی فائنل کا دباؤ ہوتا ہے، مگر اس بارے میں نہیں سوچ رہے کیونکہ بعض اوقات بہت زیادہ سوچنا بھی ذہن کو مفلوج کر دیتا ہے اور پھر آپ میدان میں بروقت فیصلے نہیں کر پاتے۔
انہوں نے کہا کہ ہم میچ کے دباؤ کے بارے نہیں بلکہ صرف یہ سوچ رہے ہیں کہ ہم کتنا اچھا کھیل سکتے ہیں اور بطور ٹیم کیا کر سکتے ہیں تاکہ حسب منشا نتیجہ حاصل کر سکیں۔ ہم آج کا میچ بے خوف ہو کر کھیلیں گے۔
روہت شرما نے گزشتہ ورلڈ کپ 2022 کے سیمی فائنل میں انگلینڈ سے شکست پر کہا کہ وہ میچ گزر چکا اور یہ نیا میچ ہے۔ ہم ایک ٹیم کے طور پر اچھا کھیل رہے ہیں، ایک دوسرے کی کمپنی اور کامیابیوں سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ ہم اس کھیل کو ایک اور کھیل کے طور پر دیکھنا چاہتے ہیں جو ہم نے رواں ٹورنامنٹ میں کھیلا ہے۔ ہمارے لیے یہ سمجھنا ضروری ہے کہ ہمارے سامنے کیا حالات ہیں اور ہمیں کیا کرنا ہے۔ ہم ایک سمارٹ کرکٹ ٹیم بننا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے پچھلے کچھ سالوں سے ٹیم میں یہ ماحول بنایا ہے اور ہر کھلاڑی کو جو کردار دیا ہے۔ اس نے اپنے مرحلے میں اپنا کردار ادا کرنا ہے اور یہی ہماری ٹیم کی ضرورت ہے- اگر میچ میں ہم 8 بلے باز کھیلتے ہیں تو ہر ایک اپنا کردار ادا کرے گا، انفرادی اسکور کی کوئی حیثیت نہیں ہوگی۔
بھارتی کپتان نے کہا کہ اسی طرح میں بولنگ کے شعبے میں بھی دیکھتا ہوں۔ ضروری نہیں کہ ہر ایک کو کوٹے کے چار اوور کا موقع ملے، ہم مخالف پر دباؤ بڑھانے کے لیے دو، دو اوور بھی کرا سکتے ہیں تاکہ دوسرا بولر دوسرے اینڈ سے وکٹ لے سکے۔
روہت شرما کا کہنا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ ایسا ہے جس میں انفرادی اسکور اور انفرادی کارکردگی سے زیادہ فرق نہیں پڑتا۔ یہ چھوٹی چھوٹی چیزیں ہیں اور میرے خیال میں ٹیم میں پیغام بہت واضح ہے کہ ہماری توجہ انفرادی سکور پر نہیں بلکہ میچ میں دیے گئے کردار پر ہے۔ ہر ایک اپنی ذمے داری ادا کرنے کو تیار ہے۔
واضح رہے کہ پہلے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ یکطرفہ مقابلے کے بعد افغانستان کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔
دوسرے سیمی فائنل کی فاتح ٹیم ہفتہ 29 جون کو برج ٹاون میں جنوبی افریقہ کے مدمقابل ہوگی۔ اگر انگلینڈ اور بھارت کا میچ بارش کے باعث واش آؤٹ ہوا تو بلیو شرٹس گروپ میں ٹاپ ہونے کے سبب فائنل کھیلنے کے حقدار قرار پائیں گے۔