بھارت کی ریاست اتر پردیش کے شہر میرٹھ میں نئی نویلی دلہن نے دولہے میاں کو دھوکہ دیتے ہوئے زیورات اور نقدی لے کر ساتھیوں سمیت فرار ہوگئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ملزمہ دلہن کی شناخت نیہا کے نام سے ہوئی جس کی پانچ روز قبل شادی ہوئی تھی اور وہ اپنے شوہر کے ساتھ ایک ہوٹل میں ٹھہری۔
نیہا شوہر کے ساتھ ہوٹل پہنچنے تک پورے راستے اپنے بہنوئی موہت، انوج شرما اور دو دیگر ساتھیوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہی اور پھر انہیں ہوٹل میں بلا لیا۔
دلہن اور اس کے ساتھیوں نے دولہے میاں کپل کو ہوٹل سے جانے کو کہا تو اس نے انکار کیا۔ ملزمان نے کپل کو جان سے مارنے کی دھمکی تو وہ گھر چلا گیا اور اہل خانہ سے پورا ماجرا بیان کیا۔
جب کپل کے گھر والوں نے شک کی بنیاد پر گھریلو سامان کا جائزہ لیا تو مہنگے ترین زیورات اور نقدی غائب تھے۔ انہوں نے اس بارے میں پولیس کو اطلاع دی۔
اس سے قبل دولہے والوں نے شادی کرنے والے انو نامی شخص سے رابطہ کیا تو پورے گروہ کا پردہ فاش ہوا۔ دراصل یہ گروہ شادی کروانے کے بہانے لوگوں کو لوٹنے میں ملوث ہے جس میں نیہا بھی شامل ہے۔
پولیس نے دلہن نیہا، اس کے بہنوئی، انو و دیگر کے خلاف مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔
ایک پولیس افسر نے بتایا کہ معاملے کی تحقیقات اور ملزمان کی گرفتاری کیلیے ٹیم تشکیل دے دی گئی، جلد ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا۔