اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے رہنما نبیل گبول نے کہا ہے کہ اس وقت مسئلہ یہ ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا کوئی اعتبار نہیں کررہا اور گارنٹی نہیں دے رہا۔
تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے رہنما نبیل گبول نے اے آروائی نیوز کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ بانی پی ٹی آئی جیل سے باہر آجائیں گے مگر ان کے باہر آنے میں اب بھی 6 ماہ لگ سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو سوچ سمجھ کر باہر آنا ہوگا اور وہ جلد سمجھ جائیں گے، وہ 80 فیصد سیکھ چکے ہیں اور باقی 20 فیصد سیکھ کر باہر آئینگے، لیکن مسئلہ یہ ہے بانی پی ٹی آئی کا کوئی اعتبار نہیں کررہا اور گارنٹی نہیں دے رہا، گارنٹی والی شخصیات کہتی ہیں بانی پی ٹی آئی شام کو کچھ، صبح کچھ اور ہوتے ہیں۔
نبیل گبول کا کہنا تا کہ بانی پی ٹی آئی نہ مانے تو جیل ہی میں رہیں گے اور حکومت چلتی رہے گی، اور بانی پی ٹی آئی گارنٹی دے کہ باہر نکل آئے تو وہ آکر جمہوریت کا ساتھ دیں گے۔
پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ ہم دھکا اسٹارٹ پر ن لیگ کی حکومت چلارہے ہیں، جس دن پی پی نے دھکا دینا بند کردیا حکومت کی گاڑی رک جائے گی، غیر یقینی صورتحال کا ذمہ دار صرف ایک ہی شخص ہے جو اڈیالہ میں ہے، ہم ملک کو اس صورتحال سے نہیں نکالیں گے تو نہ اڈیالہ رہے گا نہ پارلیمنٹ ہوگی۔
نبیل گبول نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کوئی سیاسی لیڈر جیل میں نہ ہو اور عام معافی بھی ملنی چاہیے، میں کبھی نہیں چاہوں گا بانی پی ٹی آئی جیل میں رہے لیکن ان کو اپنا رویہ بدلنا ہوگا۔