اپنی ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا فاتح بنانے کے بعد بھارتی کپتان روہت شرما نے بھی ٹی ٹوئنٹی انٹرنشینلز سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ2024 کا ٹائٹل جیتنے کے بعد بھارتی ٹیم کے مایہ ناز بلے باز ویرات کوہلی نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔
اب بھارتی کپتان روہت شرما نے بھی ٹی20کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا، بارباڈوس میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024کی ٹرافی اپنے نام کرنے کے بعد بھارتی کپتان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے اپنا فیصلہ سنایا۔
یاد رہے کہ بھارت نے سال2007 میں ایم ایس دھونی کی قیادت میں پہلی بار ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی ٹرافی اٹھائی اور اب روہت شرما نے دوسری بار بھارت کو ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کا عالمی چیمپئن بنایا۔
View this post on Instagram
پہلے ویرات کوہلی نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا اور پھر پریس کانفرنس میں روہت شرما نے بھی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیئشنلز سے ریٹائر منٹ کا اعلان کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس فارمیٹ کو ورلڈ کپ جیتنے کے بعد خیر باد کہنے سے اچھا کوئی موقع نہیں تھا، میں ون ڈے اور ٹیسٹ کھیلتا رہوں گا۔
روہت شرما نے کہا کہ پوری ورلڈ کپ ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا، گزشتہ3سے 4سال ہمارے لیے مشکل رہے، بھارتی ٹیم پورے ایونٹ میں ناقابل شکست رہی۔
واضح رہے کہ بھارت نے جنوبی افریقہ کو 7 رنز سے شکست دے کر دوسری مرتبہ ٹی 20 ورلڈ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔
مزید پڑھیں : ویرات کوہلی کا ٹی 20 کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان
بارباڈوس میں کھیلے گئے ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل میں بھارت کی جانب سے دیے گئے 177 رنز کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم 8 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بناسکی۔ ویرات کوہلی کو 76 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا۔