بھارتی بیٹنگ لیجنڈ سچن ٹنڈولکر نے سپراسٹار ویرات کوہلی اور کپتان روہت شرما کی ریٹائرمنٹ پر ان کے لیے زبردست خیالات کا اظہار کیا ہے۔
ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ میں بھارت کی فتح کے ساتھ ہی ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے والے کوہلی اور روہت کو لٹل ماسٹر نے بھرپور خراج تحسین پیش کیا ہے، اپنے ایکس اکاؤنٹ پر ٹنڈولکر نے روہت کی قیادت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیت ان کے لیے بہترین اختتام تھا۔
اپنی پوسٹ میں ٹنڈولکر کا کہنا تھا کہ روہت شرما کو میں نے ایک ہونہار نوجوان سے ورلڈ کپ جیتنے والا کپتان بنتے قریب سے دیکھا ہے۔ آپ کے غیر متزلزل عزم اور غیر معمولی صلاحیتوں نے قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔
بھارتی کرکٹ ٹیم کو آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں فتح دلانا آپ کے شاندار کیریئر کا بہترین خاتمہ ہے۔ شاباش، روہت!
ٹنڈولکر نے ویرات کوہلی کے حوالے سے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کوہلی آپ اس کھیل کے حقیقی چیمپئن ہیں، شروع میں آپ نے ٹورنامنٹ میں مشکل وقت گزرا لیکن کل رات آپ نے ثابت کر دیا کہ آپ واقعی جینٹل مین گیم کے عظیم کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔
لٹل ماسٹر نے لکھا کہ چھ ورلڈ کپ میں مقابلہ کرنا اور آخری ایونٹ میں فتح حاصل کرنا ایک ایسا تجربہ ہے جسے میں اچھی طرح جانتا ہوں، مجھے امید ہے کہ آپ کھیل کے طویل فارمیٹس میں بھارت کے لیے میچ جیتتے رہیں گے۔
خیال رہے کہ ویرات کوہلی ٹنڈولکر کے ساتھی اس ٹیم کا حصہ تھے جس نے 2011 میں ون ڈے ورلڈ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔