کراچی: شہر قائد کے علاقے ماڑی پور میں کوسٹر حادثے میں انتقال کر جانے والے 7 بچوں اور خواتین کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق پکنک پر جانے والی فیملی کے کوسٹر کو ماڑی پور میں حادثہ پیش آیا تھا، جس کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ یہ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا تھا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لواحقین نے بتایا کہ انھوں نے ڈرائیور کو دو بار گاڑی آہستہ چلانے کا کہا تھا، لیکن اس نے بات نہیں سنی، بلکہ کہا یہ لوگ میری فیملی کی طرح ہیں۔ لواحقین کا یہ بھی کہنا تھا کہ زخمیوں میں 4 کی حالت بہت نازک ہے۔
ایم کیو ایم کے ایم پی اے افتخار عالم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں، حکومت سے کہیں گے کہ ٹریفک پولیس تیز رفتاری پر ڈرائیور کو پکڑے۔ وقار مہدی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے زخمیوں کے علاج کا اعلان کیا ہے، حکومت سندھ علاج پر بھرپور توجہ دے رہی ہے۔
سمندر پر تفریح کے لیے جانے والے خاندان کی کوسٹر الٹ گئی، 7 افراد جاں بحق
دوسری جانب انتقال کرنے والوں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی ہے، جنازے میں سیاسی شخصیت سمیت علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، اس حادثے میں بچوں اور خواتین سمیت سات افراد جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوئے تھے۔