بدھ, دسمبر 25, 2024
اشتہار

با اثر نے غریب کاشتکار کی بے زبان گدھی پر گولیاں برسا دیں

اشتہار

حیرت انگیز

بے زبان جانوروں کے ساتھ ظالمانہ سلوک کا ایک اور واقعہ سامنے آیا ہے جس میں بااثر افراد نے غریب کاشتکار کی گدھی کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔

یہ واقعہ جڑواں شہر راولپنڈی کے علاقے چکری مکھیال میں پیش آیا ہے جہاں درخت کاٹنے سے منع کرنے پر بااثر ملزمان نے یہ وحشیانہ قدم اٹھایا۔

رپوٹ کے مطابق بااثر ملزمان درخت کاٹ رہے تھے کہ علاقے کے ایک کاشتکار نے انہیں ایسا کرنے سے روکا جس پر وہ آپے سے باہر ہوگئے اور فائرنگ کر کے اس غریب کی گدھی کو ہلاک کر دیا۔

- Advertisement -

پولیس نے گدھی کے مالک کی درخواست پر تھانہ چکری میں 11 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے ان کی گرفتاری کی کوششیں شروع کر دی ہیں۔

ایف آئی آر میں محمد نواز، ثقلین، صفدر اور شکیل کے ساتھ 7 نامعلوم افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کے مختلف علاقوں میں جانوروں پر تشدد اور انہیں ہلاک کیے جانے کے واقعات میں حالیہ چند ہفتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

سانگھڑ میں با اثر کی جانب سے اونٹنی کی ٹانگ کاٹے جانے کے بعد حیدرآباد میں گدھے کی ٹانگ توڑنے کا واقعہ ہوا جو بعد ازاں ہلاک ہوگیا، اس کے بعد پنڈی میں گدھی کے کان کاٹنے کی واردات ہوئی۔

گزشتہ دنوں عمر کوٹ میں ایک اونٹنی کو چاروں ٹانگیں کاٹ کر مار دیا گیا جب کہ دو روز قبل سرگودھا میں ذاتی دشمنی پر بااثر افراد نے غریب کاشتکار کے مویشیوں کو زندہ جلا کر مار ڈالا۔

سرگودھا میں مویشیوں کو زندہ جلا دیا گیا، مرکزی ملزم گرفتار

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں