بدھ, دسمبر 25, 2024
اشتہار

چیمپئنز ٹرافی کھیلنے بھارتی ٹیم پاکستان آ رہی ہے، سرحد پار سے کیا خبر ہے؟

اشتہار

حیرت انگیز

چیمپئنز ٹرافی آئندہ برس فروری اور مارچ میں پاکستان میں شیڈول ہے جس میں بھارتی ٹیم کی شرکت پر سوالیہ نشان ہے مگر اب سرحد پار سے مثبت اشارے مل رہے ہیں۔

پاکستان جو آئندہ برس 2025 میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کا دفاعی چیمپئن ہونے کے ساتھ میزبان بھی ہے اور اس میں پاکستان سمیت آئی سی سی کی ٹاپ 8 ٹیمیں شرکت کریں گی۔

بھارت جو سالوں سے پاکستان آنے سے کتراتا ہے اور گزشتہ سال ایشیا کپ کے لیے بھی یہاں نہیں آیا تھا جس کی وجہ سے وہ ٹورنامنٹ ہائبرڈ ماڈل کے تحت پاکستان اور سری لنکا میں کھیلنا پڑا تھا اور اب چیمپئنز ٹرافی میں شرکت  کے معاملے پر بھارت کی جانب سے یہی خدشات ہیں۔

- Advertisement -

بی سی سی آئی کہہ چکا ہے کہ ٹورنامنٹ میں بھارتی ٹیم کی شرکت حکومت کی اجازت سے مشروط ہے اور بھارت کی جانب سے اب تک کسی باضابطہ پلیٹ فارم پر پاکستان نہ آنے کی بات نہیں ہوئی۔

تاہم اچھی خبر یہ ہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں فتح  کے بعد بھارتی ٹیم کے پاکستان آنے کا امکان بڑھنے لگا ہے اور سرحد پار سے بھارتی ٹیم کے پاکستان آنے کے پی سی بی کو اچھے اشارے مل رہے ہیں۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری جے شاہ کا اس حوالے سے ایک بیان سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے چیمپئنز ٹرافی اور ٹیسٹ چیمپئن شپ ٹائٹلز کو اپنی ٹیم کے اگلے اہداف قرار دیا ہے۔

اگرچہ انھوں نے ٹیم کو پاکستان بھیجنے کی کوئی بات فی الحال نہیں کی، تاہم پی سی بی کا اس بار دوٹوک موقف ہے کہ وہ ہر صورت چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی صرف اپنے ہی ملک میں کرے گا اور کوئی ہائبرڈ ماڈل نہیں بنایا جائے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ گزشتہ ماہ چیمپئنز ٹرافی کا مجوزہ شیڈول آئی سی سی کو بھیج چکا ہے جس میں بھارت کے تمام میچز لاہور میں شیڈول کیے ہیں اور ذرائع کے مطابق کرکٹ کی عالمی کونسل نے بھی اس مجوزہ ابتدائی شیڈول میں کوئی ردوبدل نہیں کیا ہے۔

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا شیڈول آئندہ ہفتے ایونٹ میں شریک دیگر 7 ملکوں کے بورڈز سے شیئر کرے گا۔

واضح رہے کہ آئی سی سی وفود پاکستان آکر انتظامات کا جائزہ لے چکے ہیں اور انتظامات کو تسلی بخش بھی قرار دیا ہے جب کہ پی سی بی نے بھی اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کا کام شروع کر دیا ہے۔

چیمپئنز ٹرافی 2025 میں پاکستان کے علاوہ آسٹریلیا، انگلینڈ، بھارت، جنوبی افریقہ، بنگلہ دیش، نیوزی لینڈ اور افغانستان کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل سابق پاکستانی کپتان وسیم اکرم بھی اس امید کا اظہار کر چکے ہیں کہ بھارتی ٹیم چیمپئنز ٹرافی کھیلنے پاکستان آئے گی۔

روہت شرما نے ورلڈ کپ جیتنے کے بعد پچ کی مٹی کھانے کی وجہ بتا دی

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں