ہفتہ, اکتوبر 5, 2024
اشتہار

’’رنگ گورا کرنے والی کریمیں بانجھ پن کا سبب ہیں‘‘

اشتہار

حیرت انگیز

یو اے ای میں ’بیسٹ اسکن ڈاکٹر آف متحدہ عرب امارات‘ ایوارڈ حاصل کرنے والی پاکستانی ڈاکٹر نے کہا ہے کہ خدارا رنگ گورا کرنے والی کریمیں استعمال بالکل نہ کریں، یہ بانجھ پن کا سبب ہیں۔

معروف پاکستانی ماہر امراض جلد ڈاکٹر جویریہ عاطف کو المختوم آفس اور بزنس فورم کی جانب سے ’بیسٹ اسکن ڈاکٹر آف متحدہ عرب امارات‘ ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔

ڈاکٹر جویریہ اس اعزاز کی کیسے اور کیوں حقدار قرار پائیں؟ اس حوالے سے انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’باخبر سویرا‘ میں اپنی جدوجہد اور کارناموں سے ناظرین کو آگاہ کیا۔

- Advertisement -

انہوں نے بتایا کہ ویسے تو یو اے ای میں 70فیصد ڈاکٹرز کی تعداد عربیوں کی ہے اور مجھے بحثیت پاکستانی خاتون ڈاکٹر برائے امراض جلد ایوارڈ سے نوازا گیا جو میرے لیے باعث فخر ہے۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ عام طور پر یہ تاثر پایا جاتا ہے کہ اسکن اسپیشلسٹ کا تعلق بیوٹی فکیشن وغیرہ سے ہوتا ہے جبکہ ہم ڈرماٹولوجی میں 5 ہزار بیماریوں کا علاج کرتے ہیں، اس میں جلد کا کینسر بھی شامل ہے جو دنیا بھر میں تیزی بڑھنے والا کینسر ہے۔

’خدارا رنگ گورا کرنے والی کریمیں استعمال نہ کریں‘

ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر جویریہ نے بتایا کہ بدقسمتی سے ہمارے معاشرے میں لوگ گورا ہونے کیلئے گھر گھر بننے والی مختلف قسم کی کریمیں لگاتے ہیں، خدارا رنگ گورا کرنے والی کریمیں استعمال بالکل نہ کریں۔

اس کے علاوہ لوگ سوشل میڈیا پر مختلف قسم سے مشورے، نسخے اور ٹوٹکے بتاتے ہیں ان پر کبھی دھیان مت دیں، بہت سی لڑکیوں اور خواتین کو اس بات احساس بھی نہیں کہ ان میں بانجھ پن کی بیماری کیوں پیدا ہوئی، یہ ان ہی کریموں کا شاخسانہ ہے جو وہ کئی سال تک استعمال کرتی رہیں۔

انہوں نے بتایا کہ آپ چاہے گھر میں ہوں یا باہر سن بلاک کا استعمال لازمی کریں یہ آپ کی جلد کو بہت سی بیماریوں سے محفوظ رکھتا ہے۔

پاکستان اور یو اے ای میں فرق کے سوال پر انہوں نے بتایا کہ یو اے ای میں جو لوگ ڈاکٹرز نہیں ہیں وہ اپنے نام کے ساتھ ڈاکٹر لگا کر پریکٹس نہیں کرسکتے، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اس حوالے سے نئی ٹیکنالوجی کو متعارف کرانا چاہیے اور صحت سے متعلق قوانین بہت سخت ہونے چاہئیں۔

واضح رہے کہ ڈاکٹر جویریہ دبئی اور ابوظہبی میں پریکٹس کر رہی ہیں، انہوں نے اپنی مہارت اور ڈرماٹولوجی میں لگن کی وجہ سے کافی مقبولیت حاصل کی ہے، جس سے وہ اس خطے میں جلد کے سب سے مشہور ماہرین میں سے ایک بن گئی ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں