پیر, نومبر 25, 2024
اشتہار

بجلی کے بلز میں اضافی یونٹ شامل کرنے والے افسران کیخلاف وزیر اعظم کا ایکشن

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے بجلی کے بلز میں مصنوعی اضافی یونٹ شامل کر کے عوام کی مشکلات بڑھانے والے افسران کے خلاف ایکشن لے لیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے مصنوعی اضافی یونٹ شامل کرنے والے افسران و اہلکاروں کی نشاندہی کیلیے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کو تحقیقات کی ہدایت کر دی۔

شہباز شریف نے اپنے بیان میں ہدایت کی کہ ایسے عوام دشمن افسران و اہلکاروں کو معطل کر کے ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

- Advertisement -

آج ایک بار پھر پروٹیکٹڈ صارفین سے کروڑوں روپے کی اوور بلنگ کا انکشاف سامنے آیا۔ 170 سے 200 یونٹس والوں کو اضافی یونٹس ڈالنے پر بلز میں ہزاروں روپے اضافی بل ادا کرنا پڑا۔

لیسکو کے ہزاروں صارفین کو 200 سے اوپر کیٹیگری میں زبردستی شامل کیا گیا۔ 201 سے اوپر یونٹس ڈالنے سے بل 8 ہزار روپے سے تجاوز کر گیا جبکہ الیکٹرک کمپنی کے ترجمان نے کہا کہ اوور بلنگ نہیں کی گئی 30 روزہ آٹو میٹک کمپیوٹر بلنگ کرتا ہے۔

اس سے قبل وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے لاہور الیکٹر ک سپلائی کمپنی کے خلاف پروٹیکٹڈ صارفین کو اوور بلنگ کی شکایات پر ایکشن لیتے ہوئے انکوائری شروع کر دی۔

ایف آئی اے نے بتایا کہ لیسکو نے مبینہ طور پر لاکھوں پروٹیکٹڈ صارفین کو اوور بلنگ کی اور کم یونٹس والے صارفین کو 200 سے زائد یونٹس کے بل بھیجے گئے۔

ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ اوور بلنگ سے پروٹیکٹڈ کیٹگری تبدیل ہونے سے کروڑوں روپے کا اضافی بوجھ پڑا۔ ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل لاہور نے انکوائری کا آغاز کرتے ہوئے لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی  کے ڈائریکٹر کسٹمر سروسز اور ڈی جی آئی ٹی کو نوٹس جاری کیے۔

Comments

اہم ترین

مزید خبریں