پاکستانی باکسر شہیر آفریدی نے بڑا کارنامہ انجام دے دیا بھارتی باکسر رونت سولنکی کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے ایشین چیمپئن بن گئے۔
تھائی لینڈ میں ہونے والے پروفیشنل باکسنگ مقابلے میں روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے باکسرز کے درمیان دلچسپ مقابلہ ہوا جس میں ریپڈ ریسپانس فورس کے اہلکار پاکستانی باکسر شہیر آفریدی نے تیسرے راؤنڈ میں بھارتی باکسر رونت سولنکی کو چاروں شانے چت کرتے ہوئے پروفیشنل مڈل ویٹ کٹیگری کے ایشین چیمپئن کا تاج اپنے سر پر سجا لیا۔
دونوں باکسرز کے درمیان ہونے والی فائٹ کا پہلا راؤنڈ سنسنی خیز اور دلچسپ رہا، جس میں حریفوں نے ایک دوسرے پر بڑھ کر حملے کیے تاہم دوسرے راؤنڈ میں شہیر آفریدی نے بھرپور دفاع اور جواب دیتے ہوئے پوزیشن مضبوط کر کے راؤنڈ اپنے نام کیا۔
تیسرے راؤنڈ کے عین اختتامی لمحات کے آخری منٹ میں شہیر آفریدی نے رونت سولنکی کے منہ پر ایک مکا مارا کہ وہ پہلے لڑکھڑائے اور پھر گرتے گرتے سنبھل گئے۔
امپائر نے مقابلے کو ناک آؤٹ قرار دیتے ہوئے شہیر آفریدی کو فاتح قرار دیا، اس کامیابی کے ساتھ پاکستانی باکسر نے پروفیشنل مڈل ویٹ کیٹگری میں ایشین چیمپئن بننے کا اعزاز بھی حاصل کرلیا۔
اس کے ساتھ ہی شہیر آفریدی بیک وقت تین ایشین ٹائٹل جیتنے والے پاکستانی باکسرز کی فہرست میں بھی شامل ہوگئے۔ وہ اس سے قبل اے بی ایف اور ڈبلیو بی سی ایشیا کپ کے ٹائٹل بھی جیت چکے ہیں۔