اتوار, اکتوبر 6, 2024
اشتہار

وزیر اعظم کا لیاری ایکسپریس وے سے متعلق بڑا فیصلہ

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: وزیر اعظم شہباز شریف نے لیاری ایکسریس وے کو کارگو کیلیے 24 گھنٹے کھلا رکھنے کا حکم دے دیا۔

ایک روزہ  دورہ کراچی پر آئے وزیر اعظم شہباز شریف کراچی پورٹ ٹرسٹ پہنچے جہاں بندرگاہوں اور نیشنل فلیگ کیرئیر پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن پر ان کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

شہباز شریف کی زیرِ صدارت کے پی ٹی ہیڈ آفس میں اجلاس میں گورنر سندھ، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر تجارت جام کمال، وزیر پورٹ اینڈ شپنگ سمیت دیگر حکام شریک  رہے۔

- Advertisement -

اجلاس میں وزیر اعظم کو چیئرمین کے پی ٹی اور پورٹ قاسم حکام نے بریفنگ دی جبکہ وزیر اعظم نے پورٹ پر معاملات میں مزید  بہتری کیلیے ہدایات دیں۔

شہباز شریف کو ملکی آمدنی میں اضافے اور کاروباری برادری کو سہولتوں اور شعبے کی اصلاحات سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔

اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان جغرافیائی اعتبار سے خطے میں کلیدی اہمیت کا حامل ہے، دورہ قازقستان میں روسی صدر اور وسط ایشیائی ممالک کے رہنماؤں سے ملاقات ہوئی، پاکستان وسط ایشیائی ریاستوں کیلیے سمندری تجارت کا موزوں راستہ فراہم کرتا ہے، وسط ایشیائی ریاستوں نے پاکستان کی بندرگاہوں کے استعمال میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ بندرگاہوں میں جدید نظام اور رسائی میں مزید بہتری ہے، پاکستان اربوں ڈالر کا زرمبادلہ حاصل کر سکتا ہے، بندرگاہوں کی ترقی سے ویلیو ایڈیشن کی صنعت سے برآمدات میں اضافہ کریں گے، پورٹ قاسم اور کے پی ٹی پر کسٹمز کلیئرنس کا وقت کم کرنے کیلیے اقدامات کیے جائیں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ بندرگاہوں پر اسکیننگ کی جدید مشینری کی جلد تنصیب یقینی بنائی جائے، بندرگاہوں کی استعداد سے فائدہ اٹھانے کیلیے ترجیحی بنیاد پر اقدامات کیے جائیں، لیاری ایکسپریس وے کو کارگو ٹریفک کیلیے 24 گھنٹے کھلا رکھا جائے، سامان ترسیل مزید بہتر بنانے کیلیے ملیر ایکسپریس وے کو بندرگاہ سے جوڑا جائے۔

وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ پورٹ قاسم پر ایل این جی جہازوں کی فیس کم کر کے عالمی سطح پر رائج ریٹس مقرر کیے جائیں، شپنگ لائنز کی ریگولیشن کیلیے ایک جامع لائحہ عمل بنا کر جلد پیش کیا جائے، پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن لاگت کم اور آپریشنز مؤثر بنانے کیلیے جامع لائحہ عمل دے۔

انہوں نے کہا کہ نجی شعبے کی ترقی، کاروبارمیں آسانی اور سرمایہ کاروں کو سہولت اولین ترجیحات ہیں، اللہ کے فضل وکرم سے ملک کی معیشت مستحکم اور ترقی کی جانب گامزن ہے، برآمدی صنعت کی ترقی کیلیے برآمدکنندگان کو ہر سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں