اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی برادری پر زور دیا کہ افغان مہاجرین کی وطن واپسی کے مسئلے میں مدد کرے اور پاکستان کو درپیش سماجی و اقتصادی چیلنجوں اور سلامتی کے خطرات کو مد نظر رکھے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین فلیپو گرانڈی کی ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں وزیراعظم نے چار دہائیوں سے زائد عرصے سے افغان مہاجرین کی میزبانی میں اقوام متحدہ کی جانب سے پاکستان کی حمایت کو سراہا۔
وزیراعظم نے کہا عالمی برادری پاکستان پر پڑنے والے بوجھ کو کم کرنے کے لیے اور اس مسئلے کے دیرپا حل کے لیے اجتماعی ذمہ داری کا مظاہرہ کرے۔
وزیراعظم نے زور دیا یو این ایچ سی آر افغان مہاجرین کی صورت حال سے نمٹنے کے لیے ایک پائیدار حل کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کرے، افغان مہاجرین کی محفوظ اور باوقار وطن واپسی حکومت پاکستان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ افغان مہاجرین کی وطن واپسی کے مسئلے میں عالمی برادری پاکستان کو درپیش سماجی و اقتصادی چیلنجوں اور سلامتی کے خطرات کو مد نظر رکھے۔
وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر نے لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی کرنے پر حکومت پاکستان کو مثالی مہمان نوازی کے لیے خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے وزیراعظم کو یقین دلایا کہ یو این ایچ سی آر افغان مہاجرین کی بنیادی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔