پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے ٹیم میں کی جانے والی سرجری کو سمجھ سے باہر قرار دے دیا اور کہا کہ بابر اعظم کو بہت وقت دے دیا گیا۔
شاہد آفریدی جو ان دنوں ورلڈ چیمپئن آف لیجنڈرز ٹورنامنٹ کے سلسلے میں برطانیہ میں موجود ہیں۔ جنوبی افریقہ کے خلاف میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وائٹ بال کپتان بابر اعظم کی قیادت کے حوالے سے کہا کہ میں نے بھی کپتانی کی ہے دیگر نے بھی کی ہے، لیکن ہمیں اتنا کھلا چانس نہیں ملا جتنا بابر اعظم کو مل گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے دور میں تو ورلڈ کپ ختم ہوتے ہی سب سے پہلے کپتان پر چھری چلتی تھی۔ بابر نے تو دو تین ورلڈ کپ، ایشیا کپ میں قیادت کر لی۔ اس کو جتنا وقت اور چانس ملے ماضی میں کسی اور کپتان کو نہیں ملے، اب جو بھی نیا آئے اس کو پورا موقع ملنا چاہیے۔
شاہد آفریدی نے ٹیم سرجری کے نام پر واب ریاض اور عبدالرزاق کو سلیکشن کمیٹی سے ہٹائے جانے پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ سرجری میری سمجھ سے باہر ہے۔
سلیکشن کمیٹی تو 6 یا 9 لوگوں پر مشتمل تھی، صرف ان دونوں کو ہی کیوں فارغ کیا گیا۔
سابق آل راؤنڈر نے کہا کہ میں کرکٹ بورڈ سے یہی کہوں گا کہ وہ جو بھی فیصلہ کریں، اس پر قائم رہیں۔ کوچ، کپتان اور ٹیم کو ٹائم دیں اور چلنے دیں۔