لندن : برطانوی پولیس نے گزشتہ روز تیر کمان سے حملہ کرکے بی بی سی کے ریڈیو کمنٹیٹر کی اہلیہ اور ان کی دو بیٹیوں کو قتل کرنے میں مبینہ ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق این فیلڈ سے تعلق رکھنے والے ایک 26 سالہ شخص کو گزشتہ شام قتل کے تین الزامات کے شبے میں گرفتار کیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق پولیس نے خواتین کے تہرے قتل میں ملوث مشتبہ ملزم کائل کلفورڈ کو زخمی حالت میں بدھ کو سرچ آپریشن کے دوران اسپتال سے گرفتار کیا۔
تہرے قتل کی تفتیش کرنے والے بیڈ فورڈ شائر، کیمبرج شائر اور ہرٹ فورڈ شائر میجر کرائم یونٹ کے جاسوس سپرنٹنڈنٹ روب ہال کا کہنا ہے کہ تفتیش تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے اور اس کے نتیجے میں ہم نے ایک شخص کو گرفتار کیا ہے، ملزم کائل کلفورڈ سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔”
رپورٹ کے مطابق قتل کی واردات لندن سے باہر ایک قصبے میں ہوئی، پولیس نے بتایا کہ لندن سے 20 میل شمال مغرب میں واقع بی بی سی کے کمنٹیٹر بوشے کے گھر میں 25، 28 اور 61 سال کی عمر کی تین خواتین کو شدید زخمی حالت میں پایا جو کچھ دیر بعد موقع پر ہی دم توڑ گئیں۔