کراچی: محکمہ تعلیم سندھ نے نجی اسکولوں کی جانب سے 10 فی صد فری شپ کے لیے 4 خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دیں، یہ ٹیمیں نجی اسکولوں کا معائنہ اور ڈیٹا جمع کریں گی۔
تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے نئے فری شپ قانون کے تحت نجی تعلیمی ادارے 10 فی صد طلبہ کو مفت پڑھانے کے پابند ہیں۔
نئے تعلیمی سال کے آغاز پر دس فی صد فری شپ قانون پر سختی سے عمل درآمد کا فیصلہ کیا گیا ہے، محکمہ تعلیم نے اس سلسلے میں چار ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں، جو نجی اسکولوں کا معائنہ اور ڈیٹا جمع کریں گی۔
فری شپ قانون پر عمل نہ کرنے پر نجی اسکولوں کی رجسٹریشن معطل یا منسوخ کر دی جائے گی۔
واضح رہے کہ ڈائریکٹوریٹ پرائیویٹ انسٹیٹیوشنز نے سندھ بھر کے نجی اسکولوں کے سربراہوں کو ہدایت نامہ جاری کر دیا ہے، جس میں کہا ہے کہ یکم اگست سے نئے تعلیمی سال پر دس فی صد فری شپ کے فارمولے پر عمل کیا جائے۔ کراچی، حیدرآباد، میرپور خاص، سکھر، لاڑکانہ اور شہید بینظیر آباد کے ریجنل ڈائریکٹر کو بھی خط ارسال کیا گیا ہے۔
خط میں مزید کہا گیا کہ سندھ میں بچوں کے حقوق میں فری اور لازمی تعلیمی ایکٹ 2013 پر عمل کیا جائے، تمام نجی اسکول کے بچوں کی تعداد کے حوالے سے بھی مکمل ڈیٹا فراہم کیا جائے۔