امریکی صدر جو بائیڈن نے پنسلوینیا حملے کے بعد اس واقعے میں زخمی سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق صدر جو بائیڈن نے پنسلوینیا حملے میں زخمی ہونے والے سابق صدر اور اگلے صدارتی انتخاب میں اپنے حریف ڈونلڈ ٹرمپ کو ٹیلیفون کیا اور ان کی خیریت دریافت کی۔
رپورٹ کے مطابق انہوں نے ٹرمپ کے اس حملے میں محفوظ رہنے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
صدر بائیڈن نے ٹرمپ پر حملے کے بعد اپنی انتخابی مہم روکنے کا اعلان کر رکھا ہے اور حملے کے فوری بعد اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اسے کراہت انگیز قرار بھی دیا تھا۔
دوسری جانب ٹرمپ کے حملے میں زخمی ہونے کے واقعے کی عالمی رہنماؤں نے شدید مذمت کی ہے اور سابق صدر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پنسلوینیا میں جاری اپنی انتخابی مہم کے دوران ایک ریلی میں قاتلانہ حملے میں زخمی ہوئے تھے تاہم خوش قسمتی سے انہیں کوئی سنگین نقصان نہیں ہوا۔
اس واقعے میں ایک شخص ہلاک بھی ہوا جس کو مبینہ حملہ آور کہا جا رہا ہے۔