بھارت میں علاج کے لیے اسپتال میں آنے والا شخص حیران کن طور پر دو روز تک لفٹ میں پھنسا رہا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست کیرالہ کے تریواننت پورم کے اسپتال میں 59 سالہ شخص دو دن تک لفٹ میں پھنسا رہا اور اسے پیر کے روز لفٹ چلنے پر بچایا گیا۔
لفٹ کے اندر مریض کے پھنس جانے کے بارے میں اسپتال میں کسی کو بھی علم نہیں تھا۔
پولیس کے مطابق الور کا رہائشی 59 سالہ رویندرن نائر ہفتے کے روز او پی بلاک کی لفٹ میں پھنسا۔
متاثرہ شخص اسپتال میں کام کرنے والی اپنی اہلیہ کے ساتھ آیا تھا، اہلیہ نے ڈاکٹر سے گفتگو کرنے کے بعد ڈیوٹی جوائن کرلی تھی۔
رویندرن پہلی منزل پر جانے کے لیے لفٹ میں گئے تھے اور بعد میں لفٹ نیچے آنے کے بعد نہیں کھلی، انہوں نے مدد کے لیے پکارا لیکن کوئی نہیں آیا، ان کا فون بھی بند ہوچکا تھا۔
رپورٹ کے مطابق لفٹ میں پھنسنے والے شخص کے اہلخانہ اسپتال عملے کے ساتھ مل کر پولیس کے پاس گمشدگی کی رپورٹ بھی درج کروا چکے تھے۔
پیر کے دن معمول کے مطابق جب لفٹ کو کھولا گیا تو تب وہ باہر نکلے۔