منگل, مئی 13, 2025
اشتہار

پی ٹی آئی پر پابندی : پیپلزپارٹی کا باضابطہ ردعمل سامنے آگیا

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : پاکستان تحریک انصاف پر پابندی لگانے کے حکومتی فیصلے سے متعلق پیپلز پارٹی کا باضابطہ ردعمل سامنے آگیا۔

اس حوالے سے پیپلز پارٹی کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات شازیہ مری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کو پابندی کے فیصلے پر اعتماد میں نہیں لیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر ہم سے کسی قسم کی کوئی مشاورت نہیں کی گئی، حکومت کے مذکورہ فیصلے کے حوالے سے اپنی پارٹی کے اندر مشاورت کریں گے۔

پیپلز پارٹی کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ اگر پی ٹی آئی خود کو سیاسی جماعت کہتی ہے تو اسے اپنا رویہ بھی سیاسی بنانا ہوگا۔

دوسری جانب حکومت سندھ کے ترجمان اور میئر سکھر ارسلان اسلام شیخ کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی اپنا مؤقف چیئرمین بلاول بھٹو کی قیادت میں ہونے والی میٹنگ کے بعد رکھے گی۔

علاوہ ازیں اس سے قبل پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماؤں فرحت اللہ بابر، رضاربانی اور صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے بھی اپنے بیانات میں کسی بھی سیاسی جماعت پر پابندی کو غیر جمہوری قرار دیا،

رہنماؤں کا کہنا ہے کہ سیاسی جماعت پر پابندی کی بات جمہوریت کے اصولوں کیخلاف ہے حکومت کو ایک سیاسی جماعت پر پابندی کے اقدام سے گریز کرنا چاہیے۔

واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے تحریک انصاف پر پابندی لگانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا تھا کہ 9 مئی کو ملکی دفاع پر حملے کیے گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کا خاندان 9 مئی واقعات میں ملوث تھا،ان کی تینوں بہنیں کور کمانڈر ہاﺅس کے باہر موجود تھیں، قوم کو کہا جا رہا تھا کہ انقلاب برپا ہونے لگا ہے فوری اپنی اپنی لوکیشنز پر پہنچیں۔

وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے انتشار اور تشدد کی سیاست کو فروغ دیا، انہوں نے ملک کے دفاعی اداروں کو نقصان پہنچایا، ملک نے اگر ترقی کرنی ہے تو پاکستان اور تحریک انصاف ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں