بھارتی کرکٹ ٹیم کے چیمپئنز ٹرافی کھیلنے کیلیے پاکستان جانے کی آوازیں خود ان کے اپنے ملک سے اٹھنے لگی ہیں۔
موقر بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا نے اپنے اداریے میں کہا ہے کہ بھارتی ٹیم کو پاکستان جاکر چیمپئنز ٹرافی کھیلنی چاہیے۔
اخبار لکھتا ہے کہ کھیلوں کو ہمیشہ سیاست سے دور رکھنا چاہیے۔ اگر بھارتی ٹیم پاکستان گئی تو اس سے سیاسی حالات بھی بہتر ہوں گے۔
ٹائمز آف انڈیا نے مزید کہا کہ سیاسی وجوہات کی بنا پر کھیلوں کا نقصان نہیں ہونا چاہیے۔ کھیلوں کے مقابلے کا بائیکاٹ کرنا محض دکھاوا ہوگا۔
واضح رہے کہ پاکستان آئندہ سال فروری مارچ میں چیمپئنز ٹرافی کا میزبان ملک ہونے کے ساتھ دفاعی چیمپئن ہے تاہم بھارت نے اس شو پیس ایونٹ کو سبوتاژ کرنے کے لیے روایتی ہتھکنڈے استعمال کرنا شروع کر دیے ہیں۔
بھارت نے اب تک اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے کی یقین دہانی نہیں کرائی ہے اور بی سی سی آئی نے حسب سابق گیند ایک بار پھر حکومتی کورٹ میں ڈالتے ہوئے ٹیم کی پاکستان آمد کو حکومتی رضامندی سے مشروط کیا ہے۔
گزشتہ دنوں کچھ بھارتی میڈیا کے حلقوں نے بلیو شرٹس کے چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان نہ جانے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا تھا کہ بی سی سی آئی نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو اپنے میچز دبئی یا سری لنکا منتقل کرنے کی درخواست کی ہے۔
بھارتی ٹیم پر چیمپئنز ٹرافی کھیلنے کیلیے پاکستان جانے کا دباؤ بڑھ گیا