اسلام آباد: بجٹ میں چینی کی سپلائی پر فی کلو 15 روپے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی (ایف ای ڈی) کے اثرات سامنے آ گئے، یوٹیلیٹی اسٹورز نے وزیر اعظم ریلیف پیکیج کے تحت چینی کی فروخت بند کر دی۔
ترجمان یوٹیلیٹی اسٹورز کا کہنا ہے کہ انھوں نے چینی پر فی کلو 15 روپے ایف ای ڈی کی وضاحت کے لیے ایف بی آر سے ایڈوائس مانگی ہے، ایف بی آر سے ایڈوائس ملنے کے بعد چینی کی ترسیل شروع کی جائے گی۔
ترجمان کے مطابق کارپوریشن کے پاس اس وقت وافر مقدار میں چینی دستیاب ہے، تاہم فی کلو 15 روپے نئی فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی وجہ سے چینی کی فروخت بند کی گئی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ جیسے ہی ایف بی آر کلیئر کرتا ہے چینی کی ترسیل فوری شروع ہو جائے گی۔ واضح رہے کہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر عام صارفین کے لیے چینی کی فی کلو قیمت 155 روپے ہے، جب کہ بی آئی ایس پی صارفین کے لیے چینی کی فی کلو قیمت 109 روپے مقرر ہے۔