اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے مولانا فضل الرحمان کے اسمبلی تحلیل کرنے کے بیان کی تردید کردی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے اسمبلی تحلیل کرنے کے بیان سے لاعلمی کا اظہار کیا اور کہا کہ پی ٹی آئی نے اسمبلیاں تحلیل کرنے یا استعفوں پر کوئی بات نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ فضل الرحمان سے اسمبلی تحلیل کرنے یا استعفوں پر کوئی مشاورت یا فیصلہ نہیں ہوا۔
ذرائع پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی نے مولانا سے نئے انتخابات پر اتفاق کیا ہے، دونوں جماعتیں متفق ہیں کہ ملک میں نئے انتخابات ہونے چاہئیں۔
دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان کو ٹیلی فون کیا جس میں ان کے آج کے بیان پر گفتگو کی گئی۔
اسد قیصر نے کہا کہ ملاقات میں خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل کرنے کی کوئی بات نہیں کی، ملاقات میں نئے انتخابات کا مطالبہ کرنے پر بات ہوئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اور جے یو آئی ملک میں نئے انتخابات پر ایک موقف رکھتی ہیں، دونوں جماعتوں کا خیال ہے بحران سے نکلنے کا حل نئے شفاف انتخابات ہیں۔
اس سے قبل مولانا فضل الرحمان نے دعویٰ کیا تھا کہ نئے انتخابات کیلیے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) خیبر پختونخوا اسمبلی تحلیل اور دیگر اسمبلیوں سے استعفے دینے کیلیے آمادہ ہے۔