سنگدل باپ نے شیر خوار بیٹی اور بیوی کو موت کے گھاٹ اتارنے کے بعد خود بھی اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔
یہ افسوسناک اور دل دہلا دینے والا واقعہ بھارتی شہر حیدرآباد دکن میں پیش آیا جہاں ایک شخص نے بیوی اور 10 ماہ کی بیٹی کو قتل کرنے کے بعد چلتی ٹرین کے سامنے آ کر خودکشی کر لی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق متوفی گنیش اپنی بیوی سپنا اور تین بچوں کے ہمراہ بوئن پلی کا رہائشی تھا جو آٹو چلا کر اپنے گھر کا گزر بسر کرتا تھا تاہم گھریلو اخراجات پر اس کا روز اپنی بیوی سے جھگڑا ہوتا تھا۔
پولیس کے مطابق گنیش نے روز روز کے جھگڑوں سے تنگ آ کر بیوی اور سب سے چھوٹی بیٹی 10 ماہ کی نکشترا کا گلا گھونٹ کر قتل کر دیا اور پھر خود چلتی ٹرین کے سامنے آکر زندگی کا خاتمہ کر بیٹھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ شخص کے اس انتہائی اقدام کی وجہ تو فوری طور پر پتہ نہیں چل سکی لیکن اس معاملے کی چھان بین جاری ہے۔