سابق وفاقی وزیر شفقت محمود کا کہنا ہے کہ 9 مئی کو ہجوم نے کور کمانڈر ہاؤس جانے کا کہا تو واپس گھر چلا گیا۔
پروگرام ’آف دی ریکارڈ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر شفقت محمود نے کہا کہ تحریک انصاف میں جارحانہ سوچ رکھنے والوں کی سنی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو کیا پلان تھا پہلے سے نہیں جانتا تھا، بانی کی گرفتاری کے بعد لبرٹی چوک تک گیا، مشتعل ہجوم نے کور کمانڈر ہاؤس چلنے کا کہا تو وہاں سے واپس گھر چلا گیا کیونکہ جانتا تھا یہ راستہ درست نہیں۔
سابق وزیر نے کہا کہ پارٹی میں دو مختلف سوچ تھیں، ایک سوچ تھی آرام سے اپوزیشن کریں جن کا موقف تھا کہ عوام ہمارے ساتھ ہے، دوسری سوچ تھی کہ ہمیں فرنٹ فٹ پر کھیلنا چاہیے، پارٹی میں دوسری سوچ جو جارحانہ انداز والی تھی سبقت لے جاتی تھی۔
شفقت محمود نے کہا کہ پارٹی کے اندر 70 فیصد سیاست ہوتی ہے 30 فیصد باہر ہوتی ہے، پارٹی میں دھکے بھی لگائے جاتے ہیں لیکن مجھے کوئی رنجش نہیں ہے۔
سابق وزیر نے کہا کہ ماضی میں دیکھیں پارٹی مختلف انداز کی تھی اب مختلف انداز کی ہے، 9 مئی کے بعد پارٹی چھوڑنے والوں کا اندازہ نہیں ہے کہ ان پر کیا گزری ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی عزت ہے لیکن سیاست سے الگ ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے، بہت عرصے سے سیاست سے الگ ہوکر دیگر کاموں پر توجہ دینا چاہتا تھا۔
شفقت محمود کا کہنا تھا کہ اسمبلیاں تحلیل کرنے کے پیچھے سوچ تھی کہ دوبارہ الیکشن ہوجائیں گے لیکن پوری دنیا نے دیکھا کہ آئین کو نہیں مانا گیا اور 90 دن میں الیکشن نہیں ہوئے۔