کراچی : سی ویو اور ہاکس بے پر 9 افراد ڈوب گئے، جن میں سے ایک نوجوان کی لاش نکال لی گئی جبکہ 4 کو ریسکیو کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے ساحل ہاکس بے پر نہاتے ہوئے چھ افرادڈوب گئے، ریسکیو ورکرز نے دو افراد کو سمندر سے نکال لیا ہے، جنھیں تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے تاہم ڈوبنےوالے مزید چار افراد کی تلاش جاری ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ریسکیو کئے گئے افراد میں سے ایک خاتون اور مرد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے، لیاقت آباد گجرنالہ کے قریبی رہائشی فیملی پکنک منانے کی غرض سے آئی تھی۔
دوسری جانب سی ویو چنکی منکی کے قریب بھی سمندر میں نہاتے ہوئے 3افراد ڈوب گئے ، غوطہ خوروں نے ڈوبنے والے 2 نوجوان کو باحفاظت نکال لیا جبکہ ڈوبنے والےدانش کی لاش نکال لی گئی۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ڈوب کر جاں بحق ہونے والا نوجوان سلطان آباد کا رہائشی بتایا جاتا ہے، جس کی لاش کو ضابطے کی کاروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردی
یاد رہے گذشتہ ماہ عید کے تیسرے روز پکنک کے لئے ہاکس آنے والے 4 افراد سمندر میں ڈوب گئے تھے ، جن میں سے تین کو ریسکیو کرلیا گیا تھا۔
ریسکیو حکام کا کہنا تھا کہ چاروں افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے اور کراچی کے فیڈرل بی ایریا کے رہائشی ہیں۔
خیال رہے سندھ حکومت نے کراچی کے ساحلی علاقوں میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے سمندر میں نہانے پر پابندی عائد رکھی ہے۔
حکام کے مطابق ساحلوں پر آنے والے افراد کی زندگیوں کے تحفظ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کی جا رہی ہیں۔