پاکستان آئندہ سال چیمپئنز ٹرافی کا میزبان ہے کیا افغان ٹیم اس شو پیس ایونٹ میں شرکت کر رہی ہے اس حوالے سے افغان بورڈ حکام کا اہم بیان آ گیا ہے۔
پاکستان آئندہ سال آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا میزبان ہے۔ یہ شوپیس ایونٹ فروری اور مارچ میں ملک کے تین شہروں کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ ایونٹ میں پاکستان سمیت 8 ٹیمیں شریک ہیں جن میں سے سوائے بھارت کے تمام ٹیموں نے شرکت کی غیر رسمی یقین دہانی کرا دی ہے اور اب افغانستان بورڈ نے بھی اس کی تصدیق کر دی ہے۔
سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں جاری انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے سالانہ اجلاس میں افغانستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین واعظ اشرف اور نصیب خان نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے ملاقات کی۔
ذرائع کے مطابق میٹنگ کے دوران افغان بورڈ کے اعلیٰ حکام نے 2025 چیمپئینز ٹرافی میں افغانستان ٹیم کی شرکت کی یقین دہانی کروائی۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر چلنے والی افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہماری ٹیم پاکستان کی میزبانی میں ہونے والی چیمپئینز ٹرافی 2025 کیلئے میزبان ملک جائے گی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل سوشل میڈیا پر غیر مصدقہ اکاؤنٹ سے یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ اگر بھارت کی ٹیم چیمپئنز ٹرافی کھیلنے پاکستان نہیں آئی تو افغان ٹیم بھی نہیں آئے گی۔
واضح رہے کہ آئی سی سی نے گزشتہ روز کولمبو میں ہونے والے اجلاس میں چیمپئنز ٹرافی کے لیے بجٹ کی منظوری دے دی ہے۔