جمعرات, دسمبر 26, 2024
اشتہار

خان یونس میں اسرائیلی فوج اور حماس کے درمیان شدید لڑائی

اشتہار

حیرت انگیز

غزہ کے علاقے خان یونس میں اس وقت اسرائیلی فوج اور حماس کے درمیان شدید لڑائی جاری ہے، صہیونی فورسز کی وحشیانہ فضائی اور زمینی بمباری میں اب تک 89 فلسطینی شہید اور ڈھائی سو سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔

الجزیرہ کے مطابق رفح میں فلسطینی مزاحمتی گروپ نے اسرائیلی ٹینکوں پر راکٹوں سے حملے کیے جن میں متعدد ٹینک تباہ ہو گئے، جب کہ مغربی کنارے کے شہر طلکرم کے پناہ گزین کیمپ پر اسرائیل نے ڈرون حملہ کر دیا، جس میں پانچ فلسطینی مارے گئے ہیں۔

خان یونس کے رہائشیوں نے اسرائیلی فوج کی جانب سے علاقے پر ایک نیا زمینی حملہ شروع کرنے کے بعد جنوبی شہر میں اسرائیلی فوج اور فلسطینی جنگجوؤں کے درمیان شدید لڑائی کی اطلاع دی ہے۔

- Advertisement -

رہائشیوں کا کہنا تھا کہ اسرائیلی فورسز کی جانب سے جب انھیں شہر کے مشرقی علاقوں سے ’ہیومینٹیرین زون‘ المواصی کیمپ کی طرف فوری طور پر انخلا کا حکم دیا گیا تو اس کے بعد ان کے پاس بھاگنے کے لیے صرف 2 منٹ باقی تھے۔

الجزیرہ عربی کے مطابق اسرائیلی فورسز مرکزی نصیرات پناہ گزین کیمپ پر گولہ باری کر رہی ہیں، اور انھوں نے شمالی غزہ شہر کے محلے تل الحوا کے ساتھ ساتھ مرکزی البریج مہاجر کیمپ اور جنوبی رفح شہر پر فضائی حملے شروع کر دیے ہیں۔ دوسری طرف خان یونس میں اسرائیلی فورسز اور حماس کے جنگجوؤں کے درمیان شدید جھڑپیں جاری ہیں، شمالی غزہ میں جبالیہ کیمپ پر بھی اسرائیلی حملے میں کم از کم 5 فلسطینی مارے گئے ہیں۔

غزہ کی وزارت نے منگل کو ایک بیان میں کہا کہ غزہ میں 8 حملوں میں 89 فلسطینی شہید اور 329 زخمی ہوئے ہیں، خیال کیا جاتا ہے کہ ہلاکتوں کے مجموعی اعداد و شمار اس سے کہیں زیادہ ہیں کیوں کہ پوری پٹی میں لاشیں ہی لاشیں بمباری سے تباہ ہونے والی عمارتوں کے ملبے میں دبی ہوئی ہیں۔ غزہ میں صفائی کی بھی ابتر صورت حال پر عالمی ادراہ برائے صحت نے غزہ اور اطراف کے علاقوں میں پولیو وائرس پھیلنے کا خدشہ ظاہر کر دیا ہے۔

دیر البلح سے الجزیرہ کے رپورٹر کا آنکھوں دیکھا احوال

غزہ میں دیر البلح سے الجزیرہ کے رپورٹر طارق ابو عزوم نے بتایا کہ خان یونس شہر میں اسرائیلی فوج مشرقی علاقوں میں رہائشی اپارٹمنٹس کو دھماکوں سے اڑا رہی ہے، اور مکمل طور پر مسمار کر رہی ہے، جب کہ اسرائیلی انفنٹری یونٹ کی شہر میں پیش قدمی بھی جاری ہے، جہاں اس کی حماس کے کارکنوں کے ساتھ لڑائی چل رہی ہے، فوج نے شہر میں ایک قبرستان کو بھی مسمار کر دیا ہے، اور کئی قبریں تباہ کر دی ہیں۔

مشرقی خان یونس سے 4 لاکھ سے زائد فلسطینی بے گھر ہو چکے ہیں اور وہ المواصی اور غزہ کی پٹی کے وسطی علاقوں کی طرف جا رہے ہیں۔ لیکن ان علاقوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید حملے بھی ہوئے ہیں۔ خاص طور پر، بریج پناہ گزین کیمپ جہاں مشرقی علاقوں میں اسرائیلی فوجی دراندازی نمایاں ہے۔

حماس کے عسکری ونگ نے ان علاقوں میں اسرائیلی فوجیوں پر حملوں کا اعلان کیا ہے۔ حماس اور اسرائیلی فورسز کے درمیان جاری فائرنگ کے تبادلے کے درمیان وہاں اب بھی خاندان پھنسے ہوئے ہیں۔ مرنے والوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے لیکن عام لوگوں کی زندگی کے تحفظ کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے جا رہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں