واشنگٹن : امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ میں اقتدار کو اب نئی نسل تک منتقل کرنا چاہتا ہوں، ہمیشہ جمہوریت کی مضبوطی کیلئے کام کیا۔
امریکی صدر جوبائیڈن نے صدارتی انتخابات سے باقاعدہ دستبرداری کے اعلان کے بعد قوم سے پہلا خطاب کیا جس میں انہوں نے ملک میں جمہوری روایات اور اپنی کاوشوں سے امریکیوں کو آگاہ کیا۔
وائٹ ہاؤس کے اوول آفس سے قوم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے وضاحت کی کہ انہوں نے 5نومبر کے صدارتی انتخاب سے کیوں دستبرداری اختیار کی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق 81 سالہ بائیڈن نے کہا کہ امریکہ "ایک سنگین موڑ پر” ہے اور اب "نئی نسل کو مشعل دینے کا وقت آگیا ہے”۔ انہوں نے کہا کہ یہی "ہمارے ملک کو متحد کرنے کا بہترین طریقہ ہے”۔
انہوں نے بتایا کہ پارٹی کے اتحاد کے لئے صدارت کی دوڑ سے باہر ہوا ہوں، میں نے پہلی سیاہ فام خاتون کملاہیرس کو صدارتی امیدوار نامزد کیا ہے، ان میں ملک اور پارٹی کو متحد رکھنے کی صلاحیت ہے، اگلے6مہینے اپنے صدارتی فرائض ذمہ داری سے ادا کروں گا۔
اپنے خطاب میں جوبائیڈن نے بتایا کہ میں نے ملک میں جمہوریت کے استحکام اور اس کی مضبوطی کیلئے کام کیا، ملک اور قوم کو ہمیشہ مقدم رکھا۔
ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ اصلاحات ہماری جمہوریت کیلئے ضروری ہیں، امریکا میں سیاسی تشدد کی کوئی جگہ نہیں، ہمیں ثابت کرنا ہے ہم عظیم قوم ہیں۔ ،
روس یوکرین جنگ اور غزہ صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے امریکی صدر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ روسی صدر پیوٹن کو کسی صورت یوکرین پر قبضہ نہیں کرنے دیں گے، ہم غزہ جنگ کا خاتمہ چاہتے ہیں، مغویوں کی محفوظ واپسی کیلئے کوشاں ہیں۔