راولپنڈی: سیکریٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمر ایوب کا کہنا ہے کہ بانی نے کہا ہے کہ حکومت ہمیں اور فوج کو آمنے سامنے کر رہی ہے۔
اڈیالہ جیل میں سابق وزیر اعظم سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں عمر ایوب نے کہا کہ آج ہماری بانی پی ٹی آئی سے خوشگوار ماحول میں ملاقات ہوئی، شہباز شریف اور یہ لوگ ناپاک عزائم نکالنا چاہتے ہیں، 9 مئی کو بانی پی ٹی آئی کو گرفتار کیا گیا جبکہ 16 مارچ کو زمان پارک پر دھاوا بولا گیا تھا۔
عمر ایوب نے کہا کہ زمان پارک کی ویڈیو فوٹیجزغائب کر دی گئی ہیں، مطالبہ کرتے ہیں وہ ویڈیوز فوٹیجز منظر عام پر لائی جائیں، بانی پی ٹی آئی ان فوٹیجز کیلیے عدالت جا رہے ہیں۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ ہمیں 5 اگست کو اسلام آباد میں جلسہ کرنے کی اجازت دی جائے، اس جلسے کی سربراہی وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی سے مخصوص نشستوں پر بات چیت ہوئی اور انہوں نے دیے گئے ناموں پر اطمینان کا اظہار کیا، سابق وزیر اعظم کا قوم کو پیغام ہے کہ نئے جنرل الیکشن کی تیاری کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے قومی اسمبلی میں ایم این ایز اور ایم پی ایز کی کارکردگی کو سراہا ہے، پنجاب میں ہمارے لوگوں کے خلاف اینٹی کرپشن ایکٹو ہے، ہمارے تمام بیان حلفی الیکشن کمیشن میں جمع ہوگئے ہیں، مختلف لوگ انہیں رشوت آفر کر رہے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو میں عمر ایوب نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کی جانب سے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے نام پیغام ہے، شہباز شریف اور پی ڈی ایم فوج اور پی ٹی آئی کو آمنے سامنے کر رہی ہے، ہم اور سپہ سالار عاصم منیر ان کے عزائم پورے نہیں ہونے دیں گے۔