ایشیا کے امیرترین شخص میکش امبانی کی اہلیہ اور او آئی سی کی ممبر نیتا امبانی نے اولمپکس کے بھارت میں انعقاد کے لیے بیان دیا ہے۔
چیئرپرسن ریلائنس فاؤنڈیشن نیتا امبانی نے پیرس میں اولمپک گیمز 2024 کے آغاز کے ساتھ ہی انڈیا ہاؤس کا افتتاح کیا ہے اور اولمپکس کے اپنے ملک میں انعقاد کی وکالت کی ہے، نیتا امبانی نے روایتی انداز میں چراغ جلا کر انڈیا ہاؤس کا افتتاح کیا۔
نیتا امبانی نے انڈیا ہاؤس کے حوالے سے کہا کہ اولمپکس کی تاریخ میں پہلی بار بنائے گئے انڈیا ہاؤس میں آپ کو خوش آمدید کہتے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ 2024 کے پیرس اولمپک گیمز میں ہماری آنکھوں میں نیا خواب ہے اور یہ خواب ایک ارب 40 کروڑ بھارتیوں کا ہے وہ چاہتے ہیں کہ کھیلوں کا سب سے بڑا ایونٹ بھارت میں منعقد ہو۔
مکیش امبانی کی اہلیہ نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ایتھنز میں پہلی بار روشن ہونے والے اولمپک کی لو، ہماری قدیم سرزمین بھارت میں بھی روشن کی جائے۔
نیتا کا کہنا تھا کہ وہ دن دور نہیں جب بھارت اولمپکس گیمز کی میزبانی کرے گا۔ انڈیا ہاؤس کے افتتاح پر یہ ہمارا اجتماعی عزم ہے۔ انڈیا ہاؤس کو بھارت کی اولمپک خواہشات کی علامت کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔
امید ہے کہ بھارتی کھلاڑیوں کے لیے گھر سے دور ایک گھر بن جائے گا، یہ ایسی جگہ جہاں ہم ان کے جذبے کو سلام کرتے ہیں اور ان کی کامیابیوں کا جشن مناتے ہیں۔
اس موقع پر بالی ووڈ گلوکار شان بھی موجود تھے جنھوں نے اپنی گلوکاری سے لوگوں کو محظوظ کیا، بعدازاں ممبئی کے نابینا بچوں نے روایتی بھارتی کھیل ملاکھمب پیش کیا۔
خیال رہے کہ پیرس میں انڈیا ہاؤس پارک آف نیشنز کے پارک ڈی لا ویلیٹ میں واقع ہے اور 27 جولائی سے 11 اگست تک اولمپک گیمز میں مقامی وقت کے مطابق صبح 11 سے رات 11 بجے تک مہمانوں کے لیے کھلا رہے گا۔