واشنگٹن: نائب امریکی صدر کملا ہیرس کی صدارتی انتخابی مہم میں تیزی آ گئی ہے، انھوں نے انتخابی مہم کے ایک ہفتے میں 200 ملین ڈالر کی فنڈنگ حاصل کر لی اور ڈیڑھ لاکھ سے زائد رضا کار تیار کر لیے۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی صدارتی ڈیموکریٹک امیدوار کملا ہیرس کی انتخابی مہم جاری ہے، انھوں نے انتخابی مہم کے لیے ایک ہفتے میں دو سو ملین ڈالر جمع کر لیے، رائے عامہ کے نئے پول میں کملا ہیرس کی مقبولیت میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
کملا ہیرس کی انتخابی مہم میں ایک لاکھ ستر ہزار نئے رضاکار بھی شامل ہو گئے ہیں، ڈیموکریٹ کارکنوں نے رجسٹریشن کروا لی، ڈیموکریٹ سپر پیک نے بھی بائیڈن کی دست برداری کے بعد فنڈ ریلیز کر دیے۔
کملا ہیرس کی انتخابی مہم کے ترجمان نے بتایا کہ فیصلہ کن ریاستوں میں بھرپور مہم جاری ہے، ہیرس کا کہنا تھا کہ ’’میں قوم کو آگے لے جانے کے لیے لڑوں گی، ڈونلڈ ٹرمپ ہمارے ملک کو پیچھے لے جانا چاہتے ہیں۔‘‘
کملا ہیرس کا نوزائیدہ بچوں کے قتل کی اجازت دینے کا ارادہ ہے، ٹرمپ نے مذہبی بنیاد پر الزامات لگا دیے
سی سی این کے مطابق ہیرس کو صدارتی امیدوار بنوانے کے لیے سیاہ فام خواتین تیزی سے ان کی حمایت میں اکھٹی ہو رہی ہیں، اور ملک بھر میں ہزاروں سیاہ فام خواتین منتظمین ووٹرز کے اندراج کے لیے منصوبہ بندی میں مصروف ہیں۔