جمعرات, ستمبر 19, 2024
اشتہار

گولان ہائٹس حملہ، اسرائیل کے بعد امریکا نے بھی الزام حزب اللہ پر دھر دیا

اشتہار

حیرت انگیز

واشنگٹن: اسرائیل کے بعد امریکا نے بھی مقبوضہ گولان ہائٹس پر حملے کی ذمہ داری حزب اللہ کے سر پر ڈال دی۔

روئٹرز کے مطابق امریکا نے اتوار کے روز لبنان میں مقیم حزب اللہ کو اسرائیل کے زیر قبضہ گولان کی پہاڑیوں میں راکٹ حملے کا ذمہ دار ٹھہرا دیا ہے، حملے میں فٹ بال کے میدان میں 12 نو عمر بچے ہلاک ہو گئے تھے، اور مشرق وسطیٰ میں وسیع جنگ کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔

امریکا نے گولان کی پہاڑیوں پر حملے کا ذمہ دار حزب اللہ کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ کشیدگی نہیں چاہتا، لیکن اسرائیل کی سلامتی کا مکمل حامی ہے، وائٹ ہاؤس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حملے کے بعد امریکا اسرائیل اور لبنان حکام سے رابطے میں ہے۔

- Advertisement -

وائٹ ہاؤس نے بیان میں کہا ’’یہ حملہ لبنانی حزب اللہ نے کیا تھا، یہ ان کا راکٹ تھا، اور ان کے زیر کنٹرول علاقے سے داغا گیا تھا۔‘‘

اسرائیل کے زیر قبضہ گولان میں فٹ بال اسٹیڈیم پر راکٹ حملوں میں 12 اسرائیلی ہلاک

خیال رہے کہ گولان ہائٹس پر فٹ بال کے میدان پر ہفتے کے روز میزائل حملے میں 12 لڑکے لڑکیاں ہلاک ہو گئے تھے، جس کے بعد اسرائیل نے بھی حزب اللہ کو مورد الزام ٹھہرایا اور لبنان میں اندھا دھند حزب اللہ کے مختلف ٹھکانوں پر حملے شروع کر دیے۔

دوسری طرف حزب اللہ نے گولان ہائٹس میں ہونے والے حملے کی فوری طور پر تردید کر دی تھی، اور اقوام متحدہ کو بتایا تھا کہ یہ واقعہ اسرائیلی اینٹی راکٹ انٹرسیپٹر کے فٹ بال کی پچ سے ٹکرانے کا نتیجہ ہے۔ اس کے باوجود اسرائیل نے اپنی ضد پر اڑتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایران کے حمایت یافتہ گروپ کے خلاف مزید سخت کارروائی کرے گا۔

ادھر لبنان نے حملے کی عالمی تحقیقات کرانے کا مطالبہ کر دیا ہے، جب کہ سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ نے دونوں فریقین سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی ہے، کشیدہ صورت حال کے سبب سعودی عرب نے اپنے شہریوں کو فوری طور پر لبنان چھوڑنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں