پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے سابق بھارتی کرکٹرز کی ہرزہ سرائی پر دو بدو جواب دے دیا ہے۔
پاکستان آئندہ سال چیمپئنز ٹرافی کا میزبان ہے تاہم بھارت نے اب تک اس کے لیے پاکستان آنے کی تصدیق نہیں کی ہے جب کہ سابق بھارتی کرکٹرز کی جانب سے اس حوالے سے ہرزہ سرائی بھی جاری ہے۔
ایسے میں پاکستان کے سابق کپتان اور شہرت یافتہ آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے بھی سابق بھارتی کھلاڑیوں کو دو بدو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ دھمکیوں کے باجود ہم کھیل چکے ہیں اور مشکل حالات میں بھارت جاتے رہے ہیں۔
شاہد آفریدی نے مزید کہا کہ ۔ بھارت کی نیت ٹھیک ہوگی تو چیمپئنز ٹرافی کیلیے پاکستان آ جائے گا۔ اگر آپ پاکستان نہیں آنا چاہتے تو نہ آئیں۔
واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی پاکستان کو ملنے کے بعد ہی بھارت کی جانب سے اس شو پیس ایونٹ کو سبوتاژ کرنے کے لیے روایتی شرمناک ہتھکنڈے شروع کر دیے گئے تھے اور اب جیسے جیسے ٹورنامنٹ کا وقت قریب آ رہا ہے تو بھارتی پروپیگنڈے میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔
پہلے صرف بھارتی میڈیا ہی شوشے چھوڑ رہا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی کے لیے بھارتی ٹیم پاکستان نہیں جائے گی اور یہ بھی ایشیا کپ کی طرح ہائبرڈ ماڈل کے طور پر کھیلا جائے گا جس کے لیے بی سی سی آئی نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو اپنے میچز دبئی یا یو اے ای شفٹ کرنے کی درخواست دے دی ہے۔
تاہم اب سابق بھارتی کرکٹرز نے بھی اس حوالے سے زہر اگلنا شروع کر دیا ہے اور گزشتہ روز ہربھجن سنگھ نے کہا تھا کہ ہمارے کھلاڑی وہاں محفوظ نہیں تو پھر وہ پاکستان کیوں جائیں؟
ان کی اس ہرزہ سرائی پر سابق کرکٹر تنویر احمد نے بھی ہربھجن سنگھ کو دوغلا اور گھٹیا انسان قرار دیا تھا۔