برطانوی شہر ساؤتھ پورٹ میں حملے کے بعد پُرتشدد مظاہرے شروع ہوگئے، مقامی مسجد کے باہر مظاہرین نے جلاؤگھیراؤ کیا، حملے کی کوشش کی۔
عالمی میڈیا کے مطابق ساؤتھ پورٹ میں پولیس کی کئی گاڑیاں جلا دی گئیں جبکہ 22 پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں، شہری حملہ آور سے متعلق فیک نیوز وائرل ہونے پر مشتعل ہوئے، بھارتی سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے حملہ آور کو مسلمان ظاہر کیا گیا۔
تاہم شہر کی پولیس نے ابھی تک حملہ آور کی شناخت ظاہر نہیں کی، ٹیل ماما نامی تنظیم بھارتی فیک نیوز سے متعلق تفصیلات سامنے لے آئی۔
مسلمانوں کیخلاف نفرت آمیز واقعات کی روک تھام کیلئے کام کرنے والی تنظیم ٹیل ماما نے بتایا کہ فیک نیوز پھیلانے والا اکاؤنٹ بھارت سے آپریٹ ہورہا ہے، فیک نیوز کے باعث مسلمانوں کے خلاف نفرت میں اضافہ ہوا۔
ٹیل ماما تنظیم کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ غلط معلومات کو انتہاپسندوں نے وائرل کیا، غلط معلومات کو مسلمانوں کے خلاف مظاہروں میں استعمال کیا گیا۔
خیال رہے کہ برطانیہ میں ایک ڈانس اور یوگا ورک شاپ میں چاقو کے حملے میں 10 افراد زخمی ہوگئے تھے جس میں سے 3 لوگ ہلاک ہوگئے تھے۔
برطانوی ایمرجنسی سروسز نے شمال مغربی انگلینڈ کے ساؤتھ پورٹ میں کم از کم آٹھ افراد کو چاقو کے وار سے زخمی کرنے والے ایک شخص کو گرفتار کریا تھا، وزیر اعظم کیئر اسٹارمر نے اس واقعے کو ’گہرا صدمہ‘ قرار دیا تھا۔
پولیس حکام نے بتایا تھا کہ مسلح اہلکاروں نے صبح 11:50 بجے شمال مغربی انگلینڈ میں ساؤتھ پورٹ میں واقع پراپرٹی میں ایک مرد کو حراست میں لیتے ہوئے چاقو قبضے میں لے لیا تھا۔
نارتھ ویسٹ ایمبولینس سروس کا کہنا تھا کہ چھریوں سے زخمی ہونے والے آٹھ مریضوں کو ایلڈر چلڈرن ہسپتال، اینٹری یونیورسٹی ہسپتال اور ساؤتھ پورٹ اور فارمبی ہسپتال لے جایا گیا ہے۔