مقبوضہ فلسطین کی آزادی کی داعی تنظیم حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر آج ملک بھر میں یوم سوگ منایا جا رہا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق دو روز قبل میزائل حملے میں ایران کے دارالحکومت تہران میں محافظ سمیت شہید کیے جانے والے حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر پورا عالم اسلام سوگوار ہے اور آج پاکستان بھر میں یوم سوگ منایا جا رہا ہے۔
آج نماز جمعہ کے بعد ملک کے مختلف شہروں میں غائبانہ نماز جنازہ ادا کی جائیں گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر دنیا کی خاموشی کو لمحہ فکریہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نیتن یاہو کھلے عام درندگی کر رہا ہے لیکن عالمی برادری اسرائیل کا ہاتھ روکنے میں ناکام ہو گئی ہے۔
اس سے قبل حماس سربراہ کی شہادت اور فلسطین کی حالیہ صورتحال پر حکومت اور اتحادی جماعتوں کا مشترکہ اجلاس وزیراعظم کی زیر صدارت ہوا جس میں جمعہ کو فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی اور اسرائیلی بربریت کی مذمت کے طور پر آج ملک بھر میں یوم سوگ منانے اور شہید اسماعیل ہنیہ کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اس حوالے سے جاری مشترکہ اعلامیے کے مطابق پارلیمنٹ میں فلسطین کے ساتھ مکمل یکجہتی کے اظہار کیلیے خصوصی قرارداد پیش کی جائے گی۔
اجلاس کے شرکا نے شرکا نے فلسطین میں 9 ماہ سے نہتے لوگوں پر جاری اسرائیلی مظالم وبربریت پرغم وغصے کا اظہار کرتے ہوئے اس کی پُر زور مذمت کی اور نہتے فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا گیا۔
اجلاس میں تہران میں حماس سربراہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کا اظہار کرتے ہوئے اس واقعے کو خطے کے امن کے قیام کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی دانستہ سازش قرار دیا گیا اور وزیراعظم نے فلسطین میں جاری اسرائیلی ظلم وبربریت کو امت مسلمہ کیلیے المیہ قرار دیا۔
اجلاس میں پاکستان کی جانب سے مظلوم فلسطینی بہن بھائیوں کی طبی امداد کیلیے موثر اقدامات کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
واضح رہے کہ شہید اسماعیل ہنیہ کا جسد خاکی قطر کے دارالحکومت دوحہ پہنچا دیا گیا۔
کی نماز جنازہ امام محمد عبدالوہاب جامع مسجد میں ادا کی جائیگی، نماز جنازہ کے بعد اسماعیل ہنیہ کی مقامی قبرستان میں تدفین ہوگی۔