اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے چینی شہریوں کو مفت ویزا فراہمی کا اعلان کردیا ، جس کا اطلاق 14 اگست سے ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے چین کےاعلیٰ سطح وفد سے گفتگو میں کہا کہ چین اور پاکستان کی دوستی کی کوئی مثال نہیں ملتی ، پاکستان میں آپ کا خیرمقدم کرکے خوشی مل رہی ہے، پرامید ہیں کہ چین کےاعلیٰ سطح وفدکادورہ پاکستان سودمند ثابت ہوگا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چین کے اعلیٰ سطح وفد کےدورے چینی قیادت سے ملاقاتوں کا نتیجہ ہے، چین اور پاکستان دوستی کےلازوال رشتے میں بندھے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ چینی وفد کےدورے سے پاکستان میں سرمایہ کاری کو فروغ ملےگا اور مشترکہ منصوبوں سے چینی صنعت کی پاکستان منتقلی فائدہ مند ثابت ہوگی۔
انھوں نے بتایا کہ چینی وفد کے دورے سے صنعت ،زراعت اورخصوصی اقتصادی زونرزمیں تعاون بڑھےگا،دونوں ملکوں میں صنعتی تعاون وقت کا تقاضا ہے۔
وزیراعظم نے اعلان کیا کہ چینی شہریوں کو مفت ویزا فراہمی کا اطلاق 14اگست سے ہوگا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بشام واقعہ میں ملوث لوگوں کو گرفتار کرلیاگیا ہے ، بشام واقعہ میں ملوث لوگوں کو قرار واقعی سزا دی جائے گی، واقعے کے بعد چینی بھائیوں کی سیکیورٹی مزید بہتر کی گئی ہے۔
انھوںنے مزید کہا کہ مختلف شعبوں میں مشترکہ منصوبے دونوں ملکوں کے مفاد میں ہے ،دونوں ملکوں میں کان کنی اور آئی ٹی میں فروغ بڑھے گا، چینی ترقی کے ماڈل پر اپنی معیشت کو فروغ دے رہےہیں ، چین کےتعاون سے ہی پاکستان نے سیٹلائٹ فضا میں بھیجا۔