ایران میں مبینہ میزائل حملے میں شہید حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی قطر میں نماز جنازہ ادا کر دی گئی ہے۔ جسد خاکی آخری آرام گاہ لے جایا جا رہا ہے۔
اسماعیل ہنیہ شہید کی میت نماز جنازہ قطر کی سب سے بڑی مسجد امام محمد بن عبدالوہاب میں ادا کی گئی جس میں دنیا بھر سے مختلف شخصیات سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ پاکستان سے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن بھی اسماعیل ہنیہ کی نمازِ جنازہ میں شرکت کیلیے قطر پہنچے ہیں۔
اس موقع پر رقت آمیز مناظر بھی دیکھنے میں آئے اور لوگ اپنے محبوب رہنما کی دائمی جدائی کے غم میں روتے دکھائی دیے۔
نماز جنازہ کے بعد شہید اسماعیل ہنیہ کا سفر آخرت ان کی آخری منزل کی جانب جاری ہے اور جنازے کو سپرد خاک کرنے کے لیے مقامی قبرستان کی جانب لے جایا جا رہا ہے۔
اس سے قبل حماس سربراہ کا جسد خاکی آج صبح دوحہ میں ان کے گھر پہنچایا گیا جہاں رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے۔
واضح رہے کہ اسماعیل ہنیہ جو ایرانی صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے ایران گئے تھے دو روز قبل انہیں تہران میں ایک حملے میں شہید کر دیا گیا۔
کئی میڈیا ذرائع کے مطابق حماس سربراہ اپنے محافظ کے ہمراہ ایک میزائل حملے میں شہید ہوئے تاہم امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے دعویٰ کیا ہے کہ اسماعیل ہنیہ کی موت ان کے کمرے میں پہلے سے موجود بارودی مواد پھٹنے سے ہوئی۔
اسماعیل ہنیہ کا وکٹری کا نشان، شہادت سے قبل آخری ویڈیو وائرل