منگل, اکتوبر 22, 2024
اشتہار

ملک بھر میں بارشوں سے تباہی، کئی افراد جاں بحق، سینکڑوں محصور

اشتہار

حیرت انگیز

ملک بھر میں جاری مون سون بارشوں نے تباہی مچا دی ہے مختلف واقعات میں کئی افراد جاں بحق جب کہ درجنوں دیہاتوں کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پنجاب اور خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی ہے۔ آبی ریلوں سے مکانات اور فصلوں کو شدید نقصان پہنچا۔ ٹانک میں مکان کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر تین افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ کرک میں تین افراد سیلابی ریلے میں بہہ گئے ہیں۔

جنوبی وزیرستان میں شاہراہ بند ہو گئی اور پانی گرڈ اسٹیشن میں داخل ہوگیا۔ لوئر دیر کے ندی نالوں میں بھی طغیانی آگئی جب کہ پانی تیمر گرہ کے بازاروں میں داخل ہوگیا۔

- Advertisement -

گلیشیئر پھٹنے سے دریائے چترال میں اونچے درجے کا سیلاب ہے اور بپھرا ہوا پانی کئی پلوں کو بہا لے گیا ہے۔ سیلابی ریلے کی زد میں آ کر کئی مکانات منہدم ہوگئے ہیں۔

پنجاب میں بھی موسلا دھار بارشوں سے ندی نالوں میں سیلابی صورتحال ہے۔ منہ زور ریلوں سے راجن پور کے درجنوں دیہات کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔ تحصیل روجھان کی مختلف بستیاں بھی زیر آب آگئیں۔

کوٹ ادو، صادق آباد، وزیرآباد، پھالیہ، سرائےعالمگیر اور سیالکوٹ میں بھی بارش کا سلسلہ جاری اور نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔ کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی ہے۔

بلوچستان کے مختلف اضلاع میں موسلا دھار بارش سے نظام زندگی درہم برہم ہوگیا۔ ندی نالے بپھر گئے۔ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث کوہلو سبی قومی شاہراہ بند ہوگئی
سندھ کے مختلف علاقے بھی طوفانی بارشوں کی زد میں ہیں۔ لاڑکانہ، جیکب آباد، حیدرآباد، مٹیاری میں نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

 

جامشورو میں گھر کی چھت گرنے سے خاتون سمیت دو افراد جاں بحق ہوگئیں۔ نواب شاہ میں سڑکیں تالاب بن گئیں اور برساتی پانی اسپتال میں بھی داخل ہوگیا۔

جیکب آباد میں بھی تیز بارش نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر سول اسپتال کو ڈبو دیا۔ سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں۔ لاڑکانہ میں بھی برسات نے جل تھل ایک کر دیا۔ سڑکیں اور گلیاں زیر آب آ گئیں۔ صحبت پور کے علاقے گوٹھ نادر خان کھوسہ میں سیلابی صورتحال ہے اور فصلیں زیر آب آ چکی ہیں۔

دادو، جوہی، کاچھو ودیگرعلاقوں میں موسلا دھار بارش کے باعث کاچھو کے 50 سے زائد دیہات کا زمینی راستہ دادو، جوہی سے منقطع ہوگیا ہے۔ نصیرآباد میں ربیع کینال کی ملحقہ آبادی کو سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔ کوہلو سبی قومی شاہراہ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک کی آمدورفت کے لیے بند کر دی گئی ہے۔

جعفرآباد میں موسلا دھار بارش اور نہروں میں طغیانی کے باعث مانجھوٹی شاخ میں 20 فٹ چوڑا شگاف پڑ گیا، جس کے باعث 20 سے زائد مکانات اور چاول کی پنیری زیر آب آ گئے ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں