اسلام آباد : نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے یومِ استحصال کشمیر کے موقع پر بھارت سے مقبوضہ کشمیر میں فوری رائے شماری کا اعلان کرنے کا مطالبہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں یومِ استحصال کشمیر کے حوالے سے حریت کانفرنس کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کےتمام ادارےکشمیری بہن بھائیوں کےساتھ کھڑےہیں، بھارتی اقدام اقوام متحدہ کی قراردادوں کے خلاف ہے۔
نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستانی حکومت مسئلہ کشمیر کامقدمہ دنیا بھر میں لڑرہی ہے، مقبوضہ کشمیر کی عوام کے خلاف کوئی بھی کیاگیا فیصلہ قابل قبول نہیں، 5سال قبل بھارت نے آئین میں ترمیم کرکے غیرآئینی اقدام کیا ، بھارت مقبوضہ کشمیر میں فوری رائے شماری کااعلان کرے۔
وزیرخارجہ نے واضح کیا کہ آئین میں تبدیلی کرکے کشمیریوں کے حقوق ختم کرنا بھارت کی خام خیالی ہے، بھارت کے جبری فیصلے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے جذبہ آزادی کو ختم نہیں کرسکتے، بھارت نے یکطرفہ اقدام اٹھا کر آئین کی خلاف ورزی کی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے غزہ اور کشمیرکامقدمہ بھرپور طریقے سے پوری دنیا میں اٹھایا،مسئلہ فلسطین اور اسلام فوبیا کامسئلہ بھی پوری دنیا میں اٹھایا، پاکستان کا مقبوضہ کشمیر سے بندھن بہت گہرا ہے۔