منگل, جنوری 14, 2025
اشتہار

پی سی بی کا ڈومیسٹک کرکٹ میں تین نئے چیمپئنز ٹورنامنٹس کا اعلان

اشتہار

حیرت انگیز

پی سی بی نے ڈومیسٹک کرکٹ سیزن 25-2024 میں تین نئے چیمپئنز ٹورنامنٹس کرانے، ڈومیسٹک کرکٹرز کے معاوضوں میں اضافے کا اعلان کیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے ڈومیسٹک سیزن 25-2024 میں تین نئے چیمپئنز ٹورنامنٹس کرانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ تینوں فارمیٹس میں ون ڈے، ٹی ٹوئنٹی اور فرسٹ کلاس کپ منعقد ہوں گے۔ اس میں ہمارے انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک پلیئرز کھیلیں گے اور 150 کھلاڑیوں کا پول بنایا جائے گا۔

چیئرمین پی سی نے کہا کہ نئے سیزن کا آغاز یکم ستمبر کو چیمپئنز کپ ون ڈے ٹورنامنٹ سے ہوگا۔ اس سیزن میں ڈیولپمنٹ سطح پر مجموعی طور پر13 ہزار میچ کھیلے جائیں گے۔ نئے ڈومیسٹک سیزن میں فرسٹ کلاس اور دیگر میچوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوگا۔

- Advertisement -

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ ڈومیسٹک کھلاڑیوں کے معاوضوں اور میچ فیس میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے۔ اب کٹیگری ون کے کھلاڑی کو ساڑھے 5 لاکھ روپے ملیں گے جبکہ پچھلے سیزن میں یہ معاوضہ تین لاکھ روپے تھا۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ مقامی سطح پر ٹورنامنٹ کروانے کا مقصد نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانا، پاکستان کرکٹ کا معیار بین الاقوامی سطح تک لانا اور پاکستان ٹیم کا اصل مقام بحال کرنا ہے۔ ایک انڈرر 19 اور ویمن ٹیم دے رہے ہیں جو 15،15 کھلاڑیوں پر مشتمل ہو گی۔

ان کا کہنا تھا کہ آئی سی سی میں موجودہ رینکنگ پاکستان کی حقیقی صلاحیت کی عکاسی نہیں کرتی لیکن مایوس نہیں بلکہ پاکستان کرکٹ کے مستقبل سے بہت پُر امید ہوں۔ ہماری ڈومیسٹک کرکٹ بُری نہیں ہے، لیکن اس میں کہیں نہ کہیں کمی تھی جس کو پورا کر کے اسے بہتر کرنا ہے۔

 

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ وقار یونس کھلاڑیوں کو پالش کرنے کی ذمے داری نبھائیں گے، انہیں 30 لڑکوں کو پالش کرنے کی ذمے داری دی جا رہی ہے۔ اس حوالے سے اگلے ہفتے میڈیا کے ساتھ تمام انفارمیشن شیئر کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد ہے کہ اچھے کھلاڑیوں کو سامنے لائیں اور وقار یونس کا کام ہے کہ ان لڑکوں میں سے بہترین کھلاڑیوں کو سامنے لائیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ چیف سلیکٹر کھلاڑیوں کا انتخاب میرٹ پر کریں گے۔ سلیکشن کمیٹی میں 5 نئے کھلاڑی آ رہے ہیں جو ایڈوائزر کے طور پر کام کریں گے، جب زیادہ لوگ ہوں گے تو اچھے مشورے ملیں گے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں