کے الیکٹرک نے جولائی اور اگست میں بلوں کی تاریخِ ادائیگی میں توسیع کا اعلان کیا ہے، دیگر بجلی کی تقسیم کار کمپنیاں پہلے ہی توسیع کرچکی ہیں۔
کراچی کو بجلی فراہم کرنے والے ادارے کے ترجمان نے بتایا کہ کے الیکٹرک نے بھی پاکستان کی دیگر بجلی تقسیم کار کمپنیز کی طرح جولائی اور اگست میں واجب الادا ہونے والے بلوں کی آخری تاریخ میں 10 دن کی توسیع کر دی ہے۔
اہل صارفین جنھوں نے لیٹ پیمنٹ سرچارج (ایل پی ایس) کے ساتھ اپنے بلوں کی ادائیگی کی ہے، انھیں اگلے مہینے کے بل میں ایڈجسٹمنٹ فراہم کی جائے گی۔
دریں اثنا کے الیکٹرک کو وندر اور بیلہ (بلوچستان) میں 150 میگاواٹ قابل تجدید توانائی کے ابتدائی سولر منصوبوں کے لیے 15 بولیاں موصول ہوگئی ہیں۔
کے الیکٹرک کے 640 میگاواٹ قابل تجدید توانائی منصوبوں میں اہم پیشرفت سامنے آئی، بلوچستان کے علاوہ سندھ میں 270 میگاواٹ، کراچی میں 220 میگاواٹ ہائبرڈ (ونڈ اور سولر) دھابیجی منصوبہ بھی اس میں شامل ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک 2030 تک اپنی پیداواری صلاحیت میں قابل تجدید توانائی منصوبوں کا حصہ 30 فیصد کرنے کا خواہاں ہے۔