بنگلادیشی فوج میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کر دی گئیں۔ انٹیلیجنس چیف میجر جنرل ضیاالاحسن کو ملازمت سے برطرف کر دیا گیا ہے۔
بنگلادیشی آئی ایس پی آر کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ میجر جنرل رضوان الرحمان نئے ڈی جی این ٹی ایم سی ہوں گے۔
لیفٹیننٹ جنرل سیف العالم کو وزارت خارجہ میں تعینات کیا گیا ہے جبکہ لیفٹیننٹ جنرل مجیب الرحمان جی او سی آرمی ٹریننگ اور ڈاکٹرائن کمانڈ ہوں گے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد تبریزشمس چوہدری کو کوارٹر ماسٹرجنرل، لیفٹیننٹ جنرل میزانورشمیم کو چیف آف جنرل اسٹاف تعینات کیا گیا۔ لیفٹیننٹ جنرل محمد شاہین الحق کو کمانڈنٹ این ڈی سی مقررکیا گیا ہے۔
بنگلہ دیشی میڈیا رپورٹ کے مطابق فوج کے سربراہ جنرل وقار الزمان اور معزول وزیر اعظم حسینہ واجد میں رشتے داری ہے۔ جنرل وقار کی اہلیہ رشتے میں حسینہ واجد کی کزن لگتی ہیں جب کہ ان کے سسر جنرل محمد مستفیض مرحوم بھی شیخ حسینہ واجد کے والد کی طرف سے رشتے دار ہیں۔
حسینہ واجد نے جنرل وقار الزمان کو اس سال 23؍ جون کو فوج کا سربراہ مقرر کیا تھا۔
دوسری جانب معزول وزیر اعظم کے ملک سے فرار ہونے کے بعد سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ حسینہ واجد کے خلاف جلا وطنی میں سنگین جرائم کی پاداش میں مقدمات چلیں گے اور انہیں ان مقدمات کے اندراج کے بعد واپس بنگلہ دیش لانے کی کوشش کی جائے گی۔