پشاور : جعلی پاکستانی شناختی کارڈ بنوانے میں ملوث 6 افغان شہریوں کو گرفتار کرلیا گیا، اور شناختی کارڈز، پاکستانی پاسپورٹ اور افغان تذکرے برآمد کرلیے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے ) نے جعلی پاکستانی شناختی کارڈبنوانےمیں ملوث 6 افغان شہریوں کو گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے نے بتایا کہ نجیب اللہ نامی افغان شہری کو طورخم بارڈر پر گرفتار کیا گیا، ملزم نجیب اللہ سے جعلی پاکستانی شناختی کارڈ برآمد ہوا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ ملزم سےافغان تذکرہ بھی برآمد ہوا، ملزم چمن بارڈرکے راستے پاکستان داخل ہوا اور کوئٹہ میں مقیم شخص کے ذریعے پاکستانی پاسپورٹ اور شناختی کارڈ حاصل کئے۔
ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ ملزم کی نشاندہی پرمزید5افغان شہریوں کوپشاورسےگرفتارکرلیاگیا ہے جبکہ ملزمان سے پاکستانی شناختی کارڈز، پاکستانی پاسپورٹ اور افغان تذکرے بھی برآمد ہوئے۔
ایجنٹ کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارےجا رہے ہیں، ملزمان پاکستانی شناختی کارڈ،پاسپورٹ پرسعودی عرب براستہ کابل جانے کا ارادہ رکھتے تھے۔