مردان: جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف ملکی معیشت کو ٹھیک کرنے میں ناکام ہوگئے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کسان کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کی حالت اچھی نہیں، شہباز شریف نے کہا تھا ملکی معیشت کو ٹھیک کروں گا لیکن وہ ایسا نہیں کرسکے اور ناکام رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ معیشت اس حد تک گرچکی ہے آنیوالی حکومت اس کو اٹھا نہیں سکتی اگر امن و امان کی صورتحال خراب ہوگی تو معیشت کو مزید نقصان ہوگا۔
مولانا فضل الرحمان کے مطابق چین نے بھی کہا کہ پہلے اپنے حالات ٹھیک کرو، میں نے وزیراعظم کو کہا آپ چین گئے لیکن کامیاب ہو کر واپس نہیں آئے، پاکستان میں چین کی سرمایہ کاری کو ہم نے خوش آمدید کہا، چین نے کہا پاکستان میں معاشی طور پر بھی استحکام نہیں۔
جے یو آئی سربراہ نے کہا کہ ان حالات میں ہم نے ملک کو بچانا ہے، جمعیت علمائے اسلام عوام کا اعتماد بحال کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان کو اپنا گھرسمجھا، پاکستان کو خوشحال رکھا لیکن امریکا اورمغرب دنیا میں نئی جغرافیائی تقسیم پیدا کررہا ہے، امریکا اور مغرب کے ارادے پاکستان کیلئے ٹھیک نہیں۔
فضل الرحمان نے مزید کہا کہ چین کے ساتھ تجارتی تعلقات بڑھائیں گے تو پھر ملک کو نقصان پہنچایا جائے گا، ملک میں استحکام بہت ضروری ہے ورنہ پھرعدم استحکام کا دور آجائے گا۔